اسلام آباد( سن نیوز)صوبائی وزیرِ اطلاعات سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس کیوں نہیں بن سکتا، کہیں نہیں ہوتا کہ تحفہ سستا خریدیں اور مہنگا بیچیں۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیرِ اطلاعات سندھ سعید غنی نے کہا کہ نواز شریف، یوسف رضا گیلانی اور آصف زرداری پر توشہ خانہ کیس بن سکتا ہے، حالانکہ ان لوگوں میں سے تو کسی نے آج تک توشہ خانہ کی چیزوں کو بیچا نہیں۔انہوں نے کہا کہ توشہ خانے پر نواز شریف، گیلانی اور زرداری پر کیس بن سکتا ہے تو کیا عمران خان آسمان سے اترے ہیں، عمران خان نے سستے تحفے خرید کر مہنگے بیچ دیے۔سعید غنی کا کہنا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس 7 سال سے چل رہا ہے مگر اس پر کارروائی نہیں ہوئی، عمران خان لوگوں کو بتانا چاہ رہے ہیں کہ ان کے خلاف یہ کارروائیاں ہو رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم بنانے اور عدم اعتماد لانے میں پیپلز پارٹی کا کردار اہم ہے، عمران خان کے ٹولے کی کرپشن سامنے آئے گی تو لوگ کانوں کو ہاتھ لگائیں گے۔صوبائی وزیرِ اطلاعات سندھ کا کہنا ہے کہ فرح گوگی اور عمران گٹھ جوڑ سامنے آئے گا تو لوگوں کے ہوش اُڑ جائیں گے، تم نے کیس بنائے تھے، ثابت نہیں ہوئے تو کیا وہ انتقامی کارروائی نہیں تھی؟ان کا کہنا ہے کہ پاکستانی قانون کے مطابق کوئی جماعت بیرونِ ملک سے فنڈنگ نہیں لے سکتی، تم نے فارن فنڈنگ کے پیسے سے پارٹی چلائی، الیکشن جیتا۔سعید غنی نے کہا کہ عمران خان، اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر و صدرِ پاکستان نے آئین کو توڑا ہے، کل پنجاب اسمبلی میں غیر متعلقہ افراد کو ایوان میں لایا گیا۔
کہیں نہیں ہوتا کہ تحفہ سستا خریدیں اور مہنگا بیچ دیں، سعیدغنی
