اسلام آباد( سن نیوز)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری نے وزیر اعظم شہباز شریف پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ اپنے من پسند لوگوں کو ایف آئی اے میں تعینات کروارہے ہیں۔
بنی گالہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ شہباز شریف اپنے مقدمے کی تفتیش کرنے والوں کو تبدیل کر دیتے ہیں، وہ اپنے من پسند لوگوں کو ایف آئی اے میں تعینات کروارہے ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ چاہتے ہیں سپریم کورٹ شہباز شریف کے اقدامات کا نوٹس لے، پہلے دن ہی نیب کا ریکارڈ چوری کرنے کی کوشش کی گئی، اب ایف آئی اے کے ریکارڈ میں ہیرا پھیری کرنے کی کوششیں کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں پنجاب کے مقامی انتخابات کا خیر مقدم کیا گیا، حقیقی سیاسی جدوجہد کو پنجاب کے مقامی انتخابات کے ساتھ جوڑیں گے، اگلے 8 ہفتوں میں انتخابات کا اعلان ہو جائے گا۔رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ شہباز شریف نے پہلے دن چینی کی قیمت میں 10 روپے اضافہ کیا، تیل، بجلی، گھی کی قیمتوں میں بھی اضافہ کیا گیا۔فواد چوہدری نے کہا کہ دو ماہ قبل ضروری چیزوں کی قیمتوں کو فریز کرکے گئے تھے، ہم نے پاکستان کی معیشت مستحکم کرکے چھوڑی۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے اپنے 2 ارکان کو کہا تھا استعفیٰ دو، مریم نواز کے کہنے پر دونوں ایم این ایز بھاگ گئے تھے۔فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان کی ایک آواز پر لوگ سڑکوں پر نکل آئے ہیں، پیپلز پارٹی نےلوگوں کو جلسوں میں لانے کے لیے 2، 2 ہزار روپے دیے۔
فواد کا وزیر اعظم پر من پسند لوگوں کو ایف آئی اے میں تعینات کروانے کا الزام
