اسلام آباد( سن نیوز)وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گِل کا کہنا ہے کہ ہم برطانیہ سے نکل کر امریکا کی غلامی میں جارہے ہیں۔ ڈاکٹر شہباز گِل نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر سپریم کورٹ کی جانب سے از خود نوٹس کیس کا فیصلہ سنائے جانے کے بعد سامنے آنے والے سیاسی منظر نامے پر اپنی رائے کا اظہار کیا ہے۔اُنہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ’ہمارے بزرگوں نے 1947 میں اپنی گردنیں کٹوا کر واہگہ بارڈر ایک آزاد ملک میں رہنے کے لئے کراس کیا تھا‘۔ اُنہوں نے مزید لکھاکہ ’ہمارے بزرگوں کو شاید یہ پتہ نہیں تھا کہ برطانیہ کی بجائے امریکہ کی غلامی میں جا رہے ہیں‘۔شہباز گِل نے اپنی بات مکمل کرتے ہوئے لکھا کہ’لگتا ہے اب 1947 کی صورتحال میں واپس پہنچ گئے ہیں‘۔واضح رہے کہ قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد مسترد ہونے کے بعد سپریم کورٹ کی جانب سے لیے گئے ازخود نوٹس کا فیصلہ سنایا گیا۔فیصلے میں ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کو کالعدم قرار دیتے ہوئے عدالت عظمیٰ نے تحلیل کی گئی اسمبلی کو بحال کردیا۔سپریم کورٹ نے قومی اسمبلی کے اسپیکر کو ہفتے کی صبح اسمبلی کا اجلاس بلانے اور تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کروانے کا حکم دے دیا۔
ہم برطانیہ سے نکل کر امریکا کی غلامی میں جارہے ہیں، شہباز گِل
