تازہ ترین

وزیراعظم کا عدم اعتماد والے روز 1 لاکھ افراد لانے کا اعلان، شہباز شریف کا فول پروف سکیورٹی کیلئے خط

اسلام آباد( سن نیوز)قومی اسمبلی میں قائد خزب اختلاف شہباز شریف نے تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ والے روز اسمبلی کی فول پروف سکیورٹی کے لیے سیکرٹری داخلہ کو خط لکھ دیا۔شہباز شریف کی جانب سے لکھے گئے خط میں ووٹنگ والے دن 1 لاکھ پی ٹی آئی ورکرز کو لانے کے وزیراعظم کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اتوار کے روز قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد کی ووٹنگ ہے، قومی اسمبلی کی فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے۔خط میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم کا لوگ لانے کا اعلان سپریم کورٹ میں اٹارنی جنرل کی گارنٹی کے خلاف ہے، اٹارنی جنرل نے آئی جی پولیس کی موجودگی میں سپریم کورٹ میں گارنٹی دی تھی، ایسا کوئی اقدام کیا گیا تو پھر ہمارے کارکن بھی آ سکتے ہیں۔قائد حزب اختلاف نے خط میں لکھا کہ خون خرابہ ہوا تو اس کی ذمہ داری سیکرٹری داخلہ اور اسلام آباد انتظامیہ پر ہوگی، اسلام آباد انتظامیہ نے غیر قانونی احکامات مانے تو اسے آئین و قانون کا سامنا کرنا پڑے گا، ضلعی انتظامیہ اور پولیس آئین و قانون کے مطابق فرائض سرانجام دے۔شہباز شریف نے سیکرٹری داخلہ سے نئے وزیراعظم کے انتخابات والے روز بھی فول پروف سکیورٹی کا مطالبہ کیا ہے۔اپوزیشن لیڈر نے سیکرٹری داخلہ کو لکھے گئے خط کی کاپی کمشنر اسلام آباد، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور اور آئی جی کو بھی ارسال کی ہے۔