تازہ ترین

عثمان مرزا کو عمر قید پر فواد چوہدری کا ردّ عمل

اسلام آباد( سن نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے اسلام آباد لڑکا لڑکی تشدد کیس کے مرکزی ملزم سمیت 5 کو عمر قید کی سزا کے عدالتی فیصلے پر ردعمل دیا ہے۔انہوں نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ عثمان مرزا کیس میں متاثرہ لڑکی اور نوجوان کے منحرف ہونے کے باوجود عمر قید کی سزا جدید ٹیکنالوجی کی بطور شہادت قبولیت انتہائی خوش آئند ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وہی معاشرے ترقی کا زینہ چڑھتے ہیں جہاں انصاف ہو، انشاللہ سیالکوٹ اور دیگر مقدموں میں بھی انصاف کے قریب ہیں۔واضح رہے کہ اسلام آباد کے سیکٹر ای الیون لڑکا لڑکی تشدد کیس میں مرکزی ملزم عثمان مرزا سمیت 5 مجرمان کو عمر قید کی سزا کا حکم دے دیا گیا ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ سال سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں کچھ لوگوں کو ایک لڑکے اور لڑکی کے ساتھ تشدد اور جنسی بدسلوکی کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا تھا۔ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد پولیس تفتیش کے نتیجے میں انکشاف ہوا تھا کہ واقعہ گولڑہ پولیس اسٹیشن کی حدود میں واقع ایک فلیٹ میں ہوا تھا۔