تازہ ترین

تین ماہ سے تنخواہیں نہیں ملیں،کیا یہ ہے نیا پاکستان ؟ پاکستانی سفارتخانے سربیا کا ٹویٹر پر ٹویٹ

اسلام آباد ( سن نیوز)سربیا میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر انوکھا احتجاج کیا گیا ہے۔سربیا میں قائم پاکستانی سفارتخانے نے ٹویٹر وزیراعظم عمران خان اور ان کی حکومت پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی سارے پچھلے ریکارڈ توڑ رہی ہے،وزیراعظم عمرا خان آپ کب تک امید رکھتے ہیں کہ ہم سرکاری حکام خاموش رہیں گے اور تین مہینے کی تنخواہ نہ ملنے کے باوجود کام کرتے رہیں گے اور ہمارے بچے فیسوں کی عدم ادائیگی کی وجہ سے سکولوں سے نکالے جا رہے ہیں، مزید کہا کہ کیا یہ ہے نیا پاکستان؟۔سربیا میں پاکستانی سفارتخانے نے اپنے اکاؤنٹ سے ویڈیو بھی ٹویٹ کی گئی جو دراصل سعد علی کا گانا ہے جس میں وہ وزیراعظم عمران خان پر مزاحیہ انداز میں تنقید کر رہے ہیں۔یہ ٹویٹ اب سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو چکا ہے اور صارفین اسے ری ٹویٹ کرتے ہوئے حکومت پر بھی تنقید کر رہے ہیں۔اسی حوالے سے وزیراعظم عمران خان کے فوکل پرسن ارسلان خالد نے بتایا ہے کہ سربیا میں پاکستانی سفارتخانے کا ٹویٹر اکاؤنٹ ہیک ہو چکا ہے۔انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی سفارتخانے سربیا کا اکاؤنٹ ہیک ہو گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ دفتر خارجہ ٹویٹر اکاؤنٹ ہیک ہونے سے متعلق انکوائری کر رہا ہے۔جب کہ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے تاحال اس حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔تاہم سوشل میڈیا پر صارفین یہ بھی مطالبہ کر رہے ہیں کہ اگر اکاؤنٹ ہیک بھی کیا گیا ہے تو حکومت اس بات کی انکوائری کرے کہ آیا واقعی ملازمین کو تین ماہ سے تنخواہیں نہیں ادا کی گئیں۔اگر ایسا ہی ہے تو ملازمین کو بروقت تنخواہیں ادا کی جائیں تاکہ آئندہ پاکستان کو اس طرح جگ ہنسائی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔