تازہ ترین

افغان طالبان کی پاکستان پر حملے کی منصوبہ بندی کی وڈیو منظر عام پر

کالعدم تحریک طالبان افغانستان (ٹی ٹی اے) کی دہشت گردوں کے ساتھ مل کر پاک افغان سرحد پر سیکیورٹی فورسز پر حملوں کی منصوبہ بندی کی ویڈیو منظر عام پر آگئی۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق لیک ویڈیو افغانستان کے علاقے ڈانگرالگد کی ہے، ویڈیو میں تحریک طالبان افغانستان کا لیڈر یحییٰ حافظ گل بہادر نظر آرہا ہے۔

ویڈیو میں ٹی ٹی اے کا کمانڈر دہشت گردوں کو بتا رہا ہے کہ ہم پاکستان سے بدلہ لینے کے لیے تیار ہیں، ٹی ٹی اے کا کمانڈر جنگجوؤں کو بتا رہا ہے کہ منصوبے کے مطابق 6راکٹ چلانے والے ہوں گے اور 6ان کے معاونین ، اسی طرح 2لیزر والے ہونگے اور 2 ان کے ساتھ معاونین جبکہ ایک بندہ سنائپر بھی ہو گا، یہ سب مجاہدین امیر المومنین شیخ عباداللہ کے احکامات پر تیار ہیں۔

پاکستان میں داخلے کیلئے تیار تشکیل کو ضابطہ سمجھانے اور زخمیوں کو پیچھے نہ چھوڑنے کی ہدایات بھی دی جا رہی ہیں جبکہ دہشتگرد پاکستان کیخلاف لڑنے پر رضامندی کا اظہار کر رہے ہیں۔

افغانستان کی طالبان حکومت کی جانب سے اس ویڈیو پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

یاد رہے کہ پاکستان مسلسل افغان عبوری حکومت سے مطالبہ کرتا آ رہا ہے کہ کابل حکومت دہشتگردوں کو اپنی سر زمین استعمال نہ کرنے دیں، دوسری جانب دہشتگردوں کی افغانستان سے پاکستان میں دراندازی پر افغان عبوری حکومت کا کوئی کنٹرول نہیں ہے۔