اسلام آباد: فواد چوہدری اور شیخ رشید نے نیوزی لینڈ کا دورہ منسوخ کرنے کی بھارتی سازش سے پردہ اٹھادیا۔اسلام آباد میں وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے وزیر داخلہ شیخ رشید کے ہمراہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا دورہ منسوخ کرنے کے حوالے سے پریس بریفنگ میں کہا کہ فیک نیوز کے پیچھے ریاستوں اور ایجنسیوں کا ہاتھ ہے، پاکستان میں ہائبرڈ وارکاسامناہے، احسان اللہ احسان کےنام سے ایک فیس بک اکاؤنٹ بنایاگیا، 19 اگست کو پوسٹ احسان اللہ احسان کی طرف سے بنتی ہے جس میں نیوزی لینڈ ٹیم کو پاکستان کے دورہ سے روکتے ہوئے کہا گیا کہ داعش کیوی ٹیم پر حملہ کرسکتی ہے، 21 اگست کو بھارتی اخبار سنڈے گارڈن کے بیوروچیف ابھی نندن مشرا نے احسان اللہ احسان کی اس جعلی فیس بک پوسٹ کی بنیاد پر آرٹیکل لکھا، جس میں نیوزی لینڈ ٹیم پر پاکستان میں ممکنہ حملے کا انکشاف کیا گیا، 24 اگست کو مارٹن گپٹل کی بیوی کو ایک ای میل ملتی ہے، جس میں لکھاتھا مارٹن گپٹل کو پاکستان میں قتل کردیاجائےگا۔فواد چوہدری نے بتایا کہ 24اگست 2021 کو ہی یہ ای میل اکاؤنٹ بنایا گیا تھا اور اس ای میل اکاؤنٹ سے صرف ایک ہی میل بھیجی گئی، حالانکہ یہ ای میل پروٹون میل پہ بنائی گئی جو کہ کافی محفوظ میل ہے، تمام واقعات کےباوجود نیوزی ٹیم اپناٹورکینسل نہیں کرتی اور پاکستان آجاتی ہے، احسان اللّٰہ احسان کے جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے ذریعے نیوزی لینڈ کی ٹیم کو دھمکی دی، اس سب کے باوجود بھی نیوزی لینڈ نے دورہ منسوخ نہیں کیا تھا۔فواد چوہدری نے کہا کہ پہلی پریکٹس 13ستمبر کو کی گئی جس میں کوئی تھریٹ رپورٹ نہیں ہوا، 18 ستمبر کو ایک اور ای میل جنریٹ ہوئی جس میں نیوزی لینڈ ٹیم کو دھمکی دی گئی، یہ ای میل انڈیا ایڈریس میں بنا اور جس وقت یہ بنایا گیا اس کے 13 منٹ بعد اس سے پاکستان میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کو دھمکی آمیز ای میل کی گئی، وی پی این کے ذریعے یہ ای میل بھارت سے بھیجی گئی تھی، تاکہ بھارت کی بجائے اس کی لوکیشن سنگاپور ظاہر ہو۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ جس ڈیوائس سے ای میل جنریٹ ہوئی اس پر 13 مزید ای میل بنی ہوئی ہیں، وہ سب ای میل ہندی ناموں پر بنی ہیں، یہ جعلی ای امیل حمزہ آفریدی کے نام سے بنائی گئی اور جان بوجھ کر اس ای میل پر پاکستانی نام استعمال کیا گیا ہے، یہ ای میل جس نمبر پر بنا وہ سم انڈین کے نام پر ہے، اس کا نام اوم پرکاش مشرا ہے، دونوں ای میل ہولڈرز کو انٹرپول کی مدد سے ٹریس کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دورہ منسوخ کرنے کے فیصلے کے بارے نیوزی لینڈ ٹیم اور ان کی سیکیورٹی ٹیم نے کوئی بات نہیں کی، عمران خان نے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کو فون کر کے مطمئن کرنے کی کوشش بھی کی۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ ویسٹ انڈیز ٹیم دسمبر میں پاکستان آرہی ہے، ان کو بھی ابھی سے تھریٹ دیا گیا، یہ تھریٹ بھی انڈیا کی جانب سے ہی بھیجا گیا، یہ پاکستانی کرکٹ کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ انٹرنیشنل کرکٹ کا مسئلہ ہے، پاکستان کے خلاف سازشیں ہوتی آئی ہیں اور ہورہی ہیں، لیکن سب سازشیں ناکام ہوئیں اور پاکستان پہلے سے زیادہ ابھر کر سامنے ایا ہے۔وزیر داخلہ شیخ نے کہا کہ اگر کوئی سمجھتا ہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کی واپسی سے پاکستان دنیا میں تنہا ہو جائے گا، تو یہ اسکی بھول ہے، دورے کینسل کرنے کے معاملے کو زیادہ اچھالا نہ جائے، بھارت کے 66 ٹریننگ کیمپ افغانستان میں بند ہوگئے ہیں جس پر بھارت میں صف ماتم بچھی ہے۔
فواد چوہدری اور شیخ رشید نے نیوزی لینڈ کا دورہ منسوخی میں بھارتی سازش سے پردہ اٹھادیا
