تازہ ترین

حکومت سازی کیلیے نواز شریف اور آصف زرداری کے درمیان ملاقات کا امکان

لاہور – نوازشریف اورآصف زرداری کی جاتی امرا میں ملاقات کا امکان ہے جس میں حکومت سازی کے لیے بات چیت کی جائے گی، دونوں جماعتوں کی جانب سے اپنے اپنے وزیراعظم کا نام دیے جانے کا بھی امکان ہے۔

میڈیا کے مطابق جاتی امرا میں ہونے والی ملاقات میں آصف زرداری کے ساتھ بلاول بھٹو زرداری ہوں گے، جب کہ ن لیگ کی جانب سے مریم نواز، شہباز شریف اور اسحاق ڈار موجود ہوں گے۔ توقع ہے کہ ملاقات آج ہی ہوگی، ملاقات کے لیے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی بھی سرگرم ہیں۔

ذرائع کے مطابق دونوں کی جانب سے اپنے اپنے وزیراعظم کا نام دیا جارہا ہے، سربراہان فیصلہ کریں گے کہ کس جماعت کا صدر اور کس جماعت کا وزیراعظم ہوگا۔ اگر دونوں جماعتیں متفق نہیں ہوئیں تو آزاد امیدوار اپنی حکومت بنالیں گے جس کے خلاف لائحہ عمل طے کرنے کے لیے ہی آج دونوں جماعتیں جمع ہوں گی۔

اطلاعات ہیں کہ گزشتہ بات چیت کے حوالے سے اسحاق ڈار نواز شریف کو بریفنگ دے چکے ہیں اور یہ باتیں میڈیا پر سامنے نہیں آئی ہیں۔

پیپلز پارٹی کا ن لیگ کے بجائے آزاد امیدواروں سے ملنا زیادہ بہتر ہے، پی پی ذرائع

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کے چند رہنمائوں نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے پاس تمام آپشن کھلے ہیں مسلم لیگ ن کے ساتھ جانے سے پیپلز پارٹی کو نقصان ہوگا، آزاد گروپ ہمارے لیے بہتر ہیں۔

پیپلز پارٹی کے ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ہمارے لیے بہتر ہوگا کہ ہم تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں کے ساتھ ملیں، جونہی نتائج مکمل ہوئے، پیپلز پارٹی انتخابی عمل پر اپنا موقف دے گی، ہم مسلم لیگ ن سمیت تمام آزاد ارکان سے رابطے میں ہیں۔

شہباز شریف کا ایم کیو ایم سے رابطہ

دریں اثنا مشترکہ حکومت سازی کے معاملے میں شہباز شریف کی دعوت پر ایم کیو ایم کا وفد ان سے ملنے لاہور روانہ ہوگیا۔ وفد نواز شریف اور شہباز شریف سے ملاقات کرے گا۔ وفد میں کنوینئر خالد مقبول صدیقی ، سینئر ڈپٹی کنوینر مصطفیٰ کمال، سینئر ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار اور گورنر سند ھ کامران ٹیسوری بھی شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے ایم کیو ایم کی قیادت سے رابطہ کیا تھا اور ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا تھا جس پر ایم کیو ایم کا وفد لاہور روانہ ہوا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ انتخابات سے قبل ہی مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم کے درمیان اہم معاملات پر بات چیت ہوچکی تھی تاہم اس ملاقات میں حکومت سازی سمیت مستقبل کے حوالے سے گفتگو ہوگی۔

شہباز شریف کی فضل الرحمان کو ملاقات کی دعوت

ن لیگ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کا مولانا فضل الرحمان کے ساتھ بی ٹیلی فون پر رابطہ ہوا ہے جس میں انہوں ںے فضل الرحمان کو ملاقات کی دعوت دی ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان جلد لاہور آکر مسلم لیگ ن کے قائدین سے ملاقات کریں گے۔