تازہ ترین

انتخابات 8 فروری کو ہر صورت ہونگے، چیف الیکشن کمشنر

اسلام آباد – الیکشن کمیشن نے عام انتخابات ہر صورت 8 فروری کو ہی کرانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی زیر صدارت اجلاس ہوا، اجلاس میں آئی جی اور چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا، آئی جی بلوچستان پولیس اور چیف سیکرٹری بلوچستان، نگران وفاقی وزیر داخلہ گوہر اعجاز اور سیکرٹری داخلہ آفتاب درانی بھی شریک ہوئے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیر داخلہ گوہر اعجاز کا کہنا تھا کہ الیکشن 8 فروری کو ہیں، اس کے انعقاد پر کسی کو ابہام نہیں ہونا چاہیے، الیکشن کا انعقاد ہر صورت نگران حکومت اور الیکشن کمیشن یقینی بنائےگا، 8 فروری کو الیکشن ہر صورت میں ہوں گے۔

اجلاس میں خیبر پختوانخوا اور بلوچستان کی سکیورٹی صورتحال پر غور کیا گیا، دونوں صوبوں میں سکیورٹی کی صورتحال پر متعلقہ اداروں سے رپورٹ طلب کی گئی تھی۔

واضح رہے کہ خیبر پختونخوا میں ایک امیدوار کی ہلاکت اور بلوچستان میں بے امنی کے واقعات کے بعد الیکشن کمیشن میں اہم اجلاس طلب کیا گیا تھا۔ اس سے قبل نگران وزیر داخلہ گوہر اعجاز کا کہنا تھا یقینی بنایا جا رہا ہے کہ انتخابات کیلئے پرامن اور سازگار ماحول فراہم کیا جائے۔