تازہ ترین

وفاقی حکومت کسی کو لاپتا نہ کرنے کی یقین دہانی کرائے، چیف جسٹس

اسلام آباد – لاپتا افراد کیس کی سماعت میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کسی کو لاپتا نہ کرنے کی یقین دہانی کرائے۔

عدالت عظمیٰ نے لاپتا افراد کے حوالے سے کیس کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا، جس میں چیف جسٹس آف پاکستان، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے وفاقی حکومت سے کسی کو لاپتا نہ کرنے کی یقین دہانی مانگ لی ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق عدالت عظمیٰ نے اپنے حکم نامے میں کہا کہ حکومت باقاعدہ تحریری طور پر اس بات کی یقین دہانی کرائے کہ کسی کو لاپتا نہیں کیا جائے گا۔ کسی بھی شہری کو خلاف قانون نہیں اٹھایا جائے گا۔

دریں اثنا عدالت عظمیٰ نے بلوچ مظاہرین کے پرامن احتجاج پر پولیس کو ناروا سلوک سے روک دیا اور تحریری حکم نامے میں کہا کہ پُرامن احتجاج سب کا حق ہے، کسی بھی شہری کو قانون کے برعکس گرفتار نہ کیا جائے۔