تازہ ترین

سانحہ 9 مئی میں ملوث افراد کو عوامی نمائندہ نہیں ہونا چاہیے، نگراں وزیراعظم

اسلام آباد – نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ سانحہ 9 مئی میں ملوث افراد کو عوامی نمائندہ نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ میں نہیں سمجھتا کہ پوری پی ٹی آئی کو 9 مئی کے واقعات سے جوڑ دیا جائے۔

نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں نگراں وزیراعظم نے کہا کہ بانی تحریک انصاف کوئی انہونی چیز نہیں، ایسی کون سی قیامت ٹوٹ گئی تھی جس کے لیے 9 مئی کو پورے ملک میں جلاؤ گھیراؤ کیا گیا۔

نگراں وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ جو لوگ سانحہ 9 مئی میں ملوث ہیں، انہیں عوامی نمائندہ نہیں ہونا چاہیے اور پوری پی ٹی آئی کو سانحہ 9 مئی کے ساتھ جوڑا بھی نہیں جا سکتا۔ میں نے بطور پارٹی تحریک انصاف کو 2013ء اور 2018ء ووٹ دیا تھا اور اس بات پر مجھے کوئی شرمندگی بھی نہیں ہے۔ ایک زمانے میں، میں نے پی ٹی آئی کا دفاع بھی کیا۔ امید تھی کہ تحریک انصاف کی حکومت گورننس اور معیشت کو بہتر کرے گی۔

انوار الحق کاکڑ نے انٹرویو میں مزید کہا کہ ملک میں انتخابات کے حوالے سے لیول پلیئنگ فیلڈ کی شکایات آئیں تو اسے ضرور دیکھیں گے۔ حکومت کی کسی کو بھی سیاسی میدان سے نکالنے کی کوئی پالیسی نہیں ہے۔ اگر کسی کو انتخابی عمل سے روکا گیا تو اس معاملے کی تحقیقات کریں گے اور اس پر الیکشن کمیشن سے بھی بات ہوگی۔