تازہ ترین

بلا چھن گیا: پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن کالعدم قرار

اسلام آباد – الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف ( پی ٹی آئی )کے انٹرا پارٹی کے الیکشن کو کالعدم قرار دےدیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق الیکشن کمشنر نے پی ٹی آئی کے انٹرا الیکشن کے حوالے سے تفصیلی فیصلہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی آئین کے مطابق انٹرا الیکشن کروانے میں ناکام رہی ہے، جس کی بنیاد پر انتخابی نشان بلا واپس لے لیا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر کی سرابراہی میں 5رکنی بینچ نے پی ٹی آئی کے انٹرا الیکشن کو کالعدم قرار دیا ہے، الیکشن کمشنر کے فیصلے کے بعد بیرسٹر گوہر پی ٹی آئی کے چیئرمین نہیں رہے، فیصلہ اکرام اللہ خان نے تحریر کیا۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات کو درخواست گزاروں نے چیلنج کیا تھا، الیکشن کمیشن کے پولیٹیکل فنانس ونگ نے بھی انٹرا پارٹی انتخابات پر اعتراضات اٹھائے تھے۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کروانے میں ناکام رہی، جس کی بنیاد پر تحریک انصاف سے انتخابی نشان واپس لے رہے ہیں اور اُس کو اب بلے کا نشان نہیں ملے گا۔