تازہ ترین

سابق نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی پیپلزپارٹی میں شامل

کوئٹہ – سابق نگران وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی نے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔ آصف علی زرداری نے سرفراز بگٹی کو پی پی میں شمولیت پر پارٹی کے پرچم والا مفلر پہنایا اور ورکرز کنونشن میں میر سرفراز بگٹی کی پی پی میں شمولیت کا خیر مقدم کیا۔

سرفراز بگٹی نے تربت میں پی پی کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائد آصف زرداری نے مجھے تربت آکر پیپلز پارٹی جوائن کرنے کا حکم دیا، انہوں نے کہا کہ میرے لئے یہ اعزاز کی بات ہے کہ میں اس سرزمین پر پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کر رہا ہوں۔

سابق نگران وزیر داخلہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے اٹھارویں ترمیم کے ذریعے بلوچوں کو حقوق دیئے، آصف زرداری کی قیادت میں اس خطے میں امن کا سورج طلوع ہوگا، نفرت اور قوم پرستی کی سیاست نے ہمیں کچھ نہیں دیا، تربت سے قوم پرستی کی سیاست کو شکست دینے کا آغازکر رہے ہیں۔

سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ اس میں دو رائے نہیں کہ بلوچستان پسماندہ ہے اور یہاں امن و امان کا مسئلہ ہے، ساتھ ہی کسی کی جان لینا بھی بلوچی روایت نہیں، سابق صدر وعدہ کر کے جائیں کہ تربت میں سکھر کی طرز کا ہسپتال بنایا جائے گا۔