تازہ ترین

ٹی ایل پی اور سنی تحریک کا وزیراعظم سے فواد چوہدری کے بیان کا نوٹس لینے کا مطالبہ

اسلام آباد( سن نیوز)کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) اور سنی تحریک نے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے بیان پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ترجمان ٹی ایل پی نے کہا کہ وزیراعظم دیکھیں کہ فواد چوہدری کس کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں، تحریک کو ختم کرنے والے خود ختم ہو جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ فواد چوہدری ہوش کے ناخن لیں اور اپنی زبان کو قابو میں رکھیں، امید ہے آج سربراہ تحریک لبیک رہا ہو جائیں گے۔ترجمان کالعدم ٹی ایل پی کا یہ بھی کہنا تھا کہ دھرنا ختم کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ ابھی نہیں ہوا، دھرنے کے شرکا پُرعزم اور اپنے قائد کا استقبال کرنے کے لیے بیتاب ہیں۔ترجمان سنی تحریک نے کہا کہ وفاقی وزیر فواد چوہدری کا بیان انتشار پھیلانے کے مترادف ہے، فواد چوہدری سنی تحریک کی تاریخ کو جانے بغیر بیان بازی سے گریز کریں، سنی تحریک ہمیشہ امن پسند جماعت رہی ہے۔