تازہ ترین

ژوب میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، فائرنگ کے تبادلے میں 6 دہشتگرد ہلاک

راولپنڈی – سکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 6 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ میں آپریشن کیا، آپریشن کے دوران دہشت گردوں سے فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا، فائرنگ کے تبادلے میں 6 دہشت گرد موقع پر مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ بارود بھی برآمد کر لیا، ہلاک دہشت گرد سکیورٹی فورسز پر حملوں اور شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق علاقے میں دیگر دہشت گردوں کی تلاش کے لئے سرچ آپریشن جاری رہے گا، سکیورٹی فورسزعوام کی مدد سے بلوچستان میں امن، ترقی اور استحکام کو سبوتاژ نہیں ہونے دیں گی۔