تازہ ترین

حماس کے حملے: ایک ہزار اسرائیلی ہلاک، صہیونی بمباری میں 560 فلسطینی شہید

فلسطین کی مزاحتمی تحریک حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ تیسرے روز بھی جاری ہے، جس کے نتیجے میں اب تک ایک ہزار اسرائیلی ہلاک جبکہ 560 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔

یاد رہے کہ حماس کی جانب سے اسرائیل کے خلاف ہفتے کے روز ’’آپریشن الاقصیٰ فلڈ‘‘ شروع کیا گیا تھا اور محض 20 منٹ کے دورانیہ میں 5000 جبکہ چند گھنٹوں میں 7 ہزار سے زائد راکٹ اسرائیل کی جانب فائر کئے گئے تھے۔

تازہ اطلاعات کے مطابق حماس کے اسرائیلی علاقوں پر حملوں میں ایک ہزار یہودی ہلاک اور ڈھائی ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق اسرائیل میں مرنے والوں کی تعداد سے بھی زیادہ ہوسکتی ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل کی بمباری سے شہید فلسطینیوں کی تعداد 560 تک پہنچ گئی جبکہ تین ہزار کے قریب افراد زخمی بھی ہیں۔

لبنانی ٹی وی کے مطابق لبنان کی سرحد پر بھی حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان شدید شیلنگ اور فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

اسرائیلی وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ لبنان کی سرحد پر مزید فوجی تعینات کردیئے گئے، اسرائیلی حماس کے حملوں کا شدت سے جواب دے گا، غزہ پر حملوں سے مشرق وسطیٰ تبدیل ہوجائے گا۔

حماس کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے اسرائیلی آرمی اور پولیس اہلکاروں کی بڑی تعداد کو یرغمال بھی بنا رکھا ہے جبکہ لڑائی کے دوران اسرائیلی فوج کے اعلیٰ افسران بھی مارے گئے ہیں جن کی تصدیق اسرائیلی ڈیفنس فورسز ( آئی ڈی ایف ) کی جانب سے بھی کی گئی ہے۔

اسرائیلی وزارت صحت:
اسرائیلی وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ اعدادو شمار کے مطابق لڑائی کے دوران اب تک 2243 افراد زخمی ہوئے جو کہ اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

مقامی میڈیا کے مطابق وزارت صحت کے بیان میں کہا گیا کہ زخمیوں میں سے 22 کی حالت تشویشناک ہے اور 345 شدید زخمی ہیں۔

اسرائیلی فوج:
حماس کے ساتھ جھڑپوں میں ہلاک ہونے والے اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 73 ہوچکی ہے جس کی تصدیق اسرائیلی آرمی کی جانب سے کی گئی۔

اسرائیلی فوج کے مطابق ہلاک ہونے والے فوجیوں کے اہل خانہ کہ ان کی ہلاکت کی اطلاع کر دی گئی ہے۔

میوزک فیسٹول:
اسرائیلی ریسکیو سروس ’ زکا ‘ کے مطابق ٹیکنو میوزک فیسٹول میں شریک 260 افراد بھی حماس کے حملوں میں مارے گئے جبکہ متعدد زخمی بھی ہوئے اور ہلاکتوں میں مزید اضافے کی توقع ہے۔

فلسطینی وزارت صحت:
فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ غزہ کی پٹی میں صہیونی فوج کے ہاتھوں اب تک 510 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جن میں 78 بچے بھی شامل ہیں جبکہ 2750 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

صہیونی فوج کے حملوں میں پورے 8 خاندان ( 54 افراد ) بھی شہید ہونے والوں میں شامل ہیں۔ مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فضائی حملوں میں غزہ میں ایک اور مسجد بھی شہید ہوگئی۔

غزہ کی مکمل ناکہ بندی کا اعلان:
اسرائیل نے خوراک اور ایندھن پر پابندی سمیت غزہ کی مکمل ناکہ بندی کا اعلان کیا ہے- اسرائیلی وزیر دفاع نے پیر کو کہا کہ غزہ پر مکمل محاصرے کے ایک حصے کے طور پر حکام بجلی کاٹ دیں گے اور خوراک اور ایندھن کی ترسیل کو بھی روکیں گے۔

اقوام متحدہ:
اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی ہمدردی کے امور کے مطابق اسرائیلی گولہ باری کے دوران غزہ میں اب تک ایک لاکھ 20 ہزار سے زائد افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔ اسرائیلی گولہ باری کے دوران محصور علاقے میں اب 120,000 سے زیادہ افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔

سلامتی کونسل
فلسطین اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا بند کمرہ ہنگامی اجلاس بے نتیجہ ختم ہوگیا تھا۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں امریکا نے کونسل کے 15 ارکان سے حماس کی شدید مذمت کا مطالبہ کیا تاہم کئی اراکین کی جانب سے مذمت نہیں کی گئی۔

یو این آر ڈبلیو اے:
اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی برائے فلسطینی پناہ گزین ان نیئر ایسٹ ( یو این آر ڈبلیو اے ) کا کہنا ہے کہ غزہ میں حفاظت کی تلاش میں اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہونے والے لوگوں کی تعداد راتوں رات تقریباً 74000 تک بڑھ گئی ہے۔ ایجنسی کی جانب سے کہا گیا کہ بے گھر افراد اب تک 64 پناہ گاہوں میں موجود ہیں جن کی تعداد میں اضافے کا امکان ہے۔