تازہ ترین

آرمی چیف کی جنرل سرفراز علی شہیداور بریگیڈئیر محمد خالد شہید کی نماز جنازہ میں شرکت، اہلخانہ سے ملاقات

راولپنڈی (سن نیوز)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کوئٹہ پہنچ گئے ،ہیلی کاپٹر حادثہ میں شہید کورکمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی اور بریگیڈیئر محمد خالد شہید کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ شہدا کے اہل خانہ سے ملاقات بھی کی ۔دونوں شہدا کی تدفین راولپنڈی میں ہوگی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کوئٹہ گیریژن میں لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی شہید اور بریگیڈیئر محمد خالد شہید کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ نماز جنازہ میں گورنر بلوچستان میر جان محمد جمالی، وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو، صوبائی وزراء اور سول و عسکری حکام سمیت شہدا کے لواحقین کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ آرمی چیف نے لسبیلہ ہیلی حادثے میں شہادت پانے والے لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی اور بریگیڈیئر محمد خالد کے اہل خانہ اور زیارت میں شہید ہونے والے لیفٹیننٹ کرنل لائق بیگ مرزا شہید کے اہل خانہ سے بھی ملاقات کی۔شہید لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی اور بریگیڈیئر محمد خالد کے جسد خاکی کو راولپنڈی منتقل کر دیا گیا ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی، میجر جنرل امجد حنیف اور بریگیڈیئر محمد خالد کی مرکزی نماز جنازہ آج ساڑھے پانچ بجے آرمی قبرستان راولپنڈی میں ادا کی جائے گی۔شہدا کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔