تازہ ترین

’کسی قانون میں بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کے حق سے محروم نہیں کیا گیا‘

اسلام آباد (سن نیوز): چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے کیس کی سماعت میں ریمارکس دیے کہ پہلے اور موجودہ قانون میں بھی بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کے حق سے محروم نہیں کیا گیا۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کی سربراہی میں بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کےحق سے محروم کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی جس میں درخواست گزار داؤد غزنوی کی جانب سے وکیل عارف چوہدری پیش ہوئے۔دوران سماعت چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ بادی النظرمیں سابقہ حکومت کی ترمیم سپریم کورٹ کےفیصلےکے مطابق نہیں تھی، اب جو ترمیم ہوئی اس میں بیرون ملک پاکستانیوں کا ووٹ کا حق ختم نہیں کیا گیا، دونوں ترامیم ان کےحقوق کو ختم نہیں کر رہیں۔چیف جسٹس نے کہا کہ پہلےاور موجودہ قانون میں بھی بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کے حق سے محروم نہیں کیا گیا، بیرون ملک پاکستانیوں کے ووٹ کا صرف طریقہ کار طے ہونا ہے۔بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت جمعہ تک ملتوی کردی۔