اسلام آباد – روس سے خام تیل کے بعد ایل پی جی کی پہلی شپمنٹ بھی پاکستان پہنچ گئی۔ روسی سفارتخانے نے تصدیق کردی۔
اسلام آباد میں قائم روس کے سفارتخانے کی جانب سے منگل کو بتایا گیا کہ پاکستان کو سستی روسی لکویڈ پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی پہلی شپمنٹ موصول ہوگئی۔
سفارتخانے کا کہنا ہے کہ ایل پی جی ایران کی مدد سے پاکستان کو پہنچائی گئی۔ اس سے قبل پاکستان کو رواں سال کے آغاز میں دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کے نتیجے میں پہلی بار روسی خام تیل بھی موصول ہوچکا ہے۔
روسی حکام کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری ایک پیغام میں بتایا گیا ہے کہ ایران کے سارکھ اسپیشل اکنامک زون کے ذریعے پاکستان کو ایک لاکھ میٹرک ٹن ایل پی جی پہنچائی گئی۔
سفارتخانے کا مزید کہنا ہے کہ دوسری شپمنٹ سے متعلق بات چیت جاری ہے۔ سفارتخانے نے ایران کے تعلق کے حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کی اور نہ ہی یہ واضح ہے کہ ایل پی جی کی قیمت کیا ہے؟، اور کیا یہ رعایتی قیمت پر فراہم کی گئی ہے؟۔
پاکستانی حکام کا کہنا تھا کہ روسی خام تیل کی خریداری چینی کرنسی میں کی گئی تاہم اس معاہدے کی لاگت سے متعلق کچھ نہیں بتایا گیا۔