کراچی – امریکی ڈالر کی روپے کے مقابلے میں کمی کا رجحان جاری ہے جب کہ پیر کے روز انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر مزید سستا ہوگیا۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق گزشتہ ہفتوں سے جاری ڈالر کی قدر میں کمی کا رجحان نئے کاروباری ہفتے میں بھی جاری ہے۔ پیر کے روز انٹربینک میں ڈالر گزشتہ 6 ہفتوں کی کم ترین سطح پر آ کر 291 روپے کا ہوگیا۔ اسی طرح اوپن مارکیٹ میں بھی 4 ماہ کے بعد ڈالر 293 روپے کا ہوگیا۔
کرنسی ایکسچینج مارکیٹ میں کاروبار کے دوران ڈالر انٹربینک مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کے رجحان کے ساتھ 90 پیسے کی کمی کے ساتھ 290.86 روپے پر بند ہوا جب کہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت روپے کے مقابلے میں 50 پیسے کم ہوکر 293 روپے کی سطح پر آ گئی۔ دوسری جانب پیر کے روز پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان رہا۔