ذرا نم ہو تو یہ مٹّی بہت زرخیز ہے ساقی۔۔وطن عزیز قدرتی حسن سے مالامال ملک ہے۔ پاکستان کو ایسے کئی اعزاز حاصل ہیں جو باقی دنیاکے پاس نہیں اور کچھ ایسے اعزازات بھی حاصل ہیں جو دنیاکے کئی ممالک کو حاصل نہیں۔پاکستان دنیا کا سب سے بڑا آبپاشی نیٹ ورک رکھنے والاملک ہےجو کہ پاکستان کی زراعت کیلئے انتہائی فائدہ مند ہے۔پاکستان ایک زرعی ملک کہلاتا ہے اور یہ نہری نظام پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کر تاہے۔جبکہ گوادر بندرگاہ دنیا کی سب سے بڑی گہرے سمندری بندرگاہ ہے، جو بلوچستان، پاکستان کی ساحلی لکیر کے ساتھ جنوب مغربی بحیرہ عرب پر واقع ہے۔ اس بندرگاہ کو خطے کی معیشت میں لائف لائن سمجھا جاتا ہےاور چائنہ پاکستان اکنامکت کوریڈور منصوبے میں بھی گوادر کی ڈویلپمنٹ اسی بنا پر کی جارہی ہے۔پاکستان کو اعزاز حاصل ہے کہ دنیا کا سب سے بڑا’ ایمبولینس نیٹ ورک‘بھی ہم رکھتے ہیں۔محسن انسانیت عبدالستار ایدھی کی جانب سے شروع کی گئی ایمبولنس سروس کو دنیا کا سب سے بڑا ایمبولینس نیٹ ورک قرار دیا جاتا ہے۔ ایدھی کی ایمبولینس سروسز پاکستان کے علاوہ دیگر کئی ممالک میں بھی بوقت ضرورت مہیا کی جاتی ہے جو انسانیت کی خدمت کا منہ بولتا ثبوت ہے اور پاکستان کیلئے قابل فخر ہے۔پاکستان کیلئے ایک اور بڑا اعزاز یہ ہے کہ پاکستان کے قومی ترانے کی دھُن نے دنیا کی تین بہترین دھُنوں میں پہلی پوزیشن حاصل کی ۔13 اگست 1954 کو ریڈیو پاکستان سے پاکستان کا قومی ترانہ پہلی مرتبہ نشر ہوا جس کے بول حفیظ جالندھری نے لکھے تھے جبکہ دُھن احمد غلام علی چاگلہ نے تیار کی تھی۔پاکستان کا ایک اور اعزاز یہ ہے کہ اخوت دنیا کا سب سے بڑا مائیکرو فنانس ادارہ ہے جو بغیر سود قرضہ فراہم کرتاہے۔ ڈاکٹر محمد امجد ثاقب کی جانب سے شروع کیا گیاادارہ اخوت جو اب تک 23لاکھ گھرانوں میں 53ارب روپے کے قر ضہ جات جاری کر چکا ہے جن کی ریکوری سو فیصد رہی۔بغیر سود کے اتنی بڑی سطح پر قرضہ دینا بھی کسی چیلنج سے کم نہیں اور یہ ادارہ بھی پاکستان کیلئے قابل فخر ہے۔پاکستانی بالر شعیب اختر کو دنیا کے تیز ترین گیندباز ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔پاکستانی فاسٹ بائولر شعیب اختر کرکٹ ورلڈ کپ کی تاریخ کے پہلے بائولر تھے جنہوں نے 100 میل فی گھنٹا کی رفتار سے گیند کرنے کا ریکارڈ تب بنایا جب انہوں نے جنوبی افریقہ کے نیولینڈز کرکٹ گرائونڈ میں 2003ء کے ورلڈ کپ میچ کے دوران 100.2 میل فی گھنٹا کی رفتار سے بائولنگ کی تھی اور آج تک یہ اعزاز قائم ہے۔جبکہ پاکستانی ہیرو سکواش کے کھلاڑی جہانگیر خان کو اعزازحاصل ہے کہ انہوں نے 555میچز مسلسل جیتے جس کی سپورٹس کی دنیا میں کوئی دوسری مثال نہیں ملتی۔پاکستان اب تک دنیا کی پہلی مسلم ایٹمی ریاست ہے جو کہ پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بناتا ہے۔یہ ایٹمی تجربہ بھارت کے ان ایٹمی دھماکوں کامنہ توڑ جواب تھا جو کہ بھارت نے 18 مئی1974 میں اندرا گاندھی کی قیادت میں اور11مئی 1998 میں ایک ساتھ تین ایٹمی تجربات،واجپائی کی قیادت میں کیے۔جس کےبعدبھارت کی طرف سے پےدرپےدھمکیوں کا آغاز ہوگیا اور بھارت نے پاکستان کو ایک کمزور ملک سمجھنا شروع کر دیا جبکہ وہ یہ نہیں جانتا تھا کہ پاکستان کیا کرسکتا ہے۔بھارت کے ساتھ باقی غیر مسلم ممالک کی بھی یہی کوشش تھی کہ اسلامی ریاست ایٹمی طاقت نہ بن سکے لیکن جب انڈیا نے ایٹمی تجربہ کرکے پاکستان کو للکارا تو پاکستان نے ایک ساتھ 5 کامیاب ایٹمی تجربات کرکے دشمن کے ہوش اڑا دیے۔اور بھارت کو خاموشی اختیار کرنا پڑی۔ جو دھمکیوں کا سلسلہ چل نکلا تھا وہ بند ہوگیا۔پاکستان کی فوج دنیا کی چھٹی بڑی فوج ہےجو کہ پاکستان کوطاقتور ملک بناتی ہے۔پاکستان 6لاکھ ایکٹو آرمی کیساتھ دنیا کی چھٹی بڑی آرمی ہے۔پاکستانی بچہ ایان قریشی جس نے محض پانچ سال کی عمر میں مائیکرو سافٹ سرٹیفائیڈ پروفیشنل بننے کا اعزاز حاصل کیا۔۔ آیان کی عمر اس وقت پانچ برس تھی جب اس نے برمنگھم یونی ورسٹی میں امتحان دے کر پاکستانی مہروز یاور کے کم عمرمائیکرو سافٹ سرٹیفائیڈ پروفیشنل ہونے کا ریکارڈ توڑ دیا جس نے ساڑھے چھ سال کی عمر میں اس امتحان کو پاس کیا تھا ۔ یہ امتحان پاس کرکےآیان قریشی دنیا کے سب سے کم عمر سرٹیفائیڈ مائیکروسافٹ کمپیوٹر ماہر بن گیا۔یہ اعزاز بھی پاکستان کیلئے قابل فخر ہے۔یہ تو محض چند مثالیں ہیں، پاکستان ذہین اور محنتی لوگوں کی سرزمین ہےاور ہر پیشے سے وابستہ افراد دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں اور دنیا کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
پاکستان کی صلاحیتیں اور کامیابیاں
