بٹگرام – آلائی پاشتو میں تار ٹوٹ جانے سے چیئر لفٹ پھنس کر ہوا میں معلق ہوگئی جس میں 7 بچوں سمیت 8 افراد 900 فٹ کی بلندی پر پھنس گئے جنہیں بچانے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
آخری اطلاعات تک پاک فوج کے ایس ایس جی کمانڈوز نے چوتھی کوشش کے دوران 2 بچوں کو باری باری ریسکیو کرلیا جب کہ دیگر پھنسے ہوئے افراد کو بچانے کے لیے آپریشن جاری ہے۔
واضح رہے کہ صبح تقریباً چھ بجے چیئر لفٹ تین میں سے دو تار ٹوٹنے سے بیچ میں پھنس گئی تھی، جس کے بعد مقامی طور پر کوئی کوشش کارگر ثابت نہیں ہوئی تو فوج کو اطلاع دی گئی، جس کے بعد فوج نے ریسکیو آپریشن شروع کیا۔
انتہائی احتیاط کو پیش نظر رکھتے ہوئے دن بھر فوجی ہیلی کاپٹرز ریکی کرتے رہے اور پھنسے ہوئے افراد کو نکلانے کی حکمت عملی بنائی جاتی رہی۔
قبل ازیں چیئر لفٹ میں پھنسے استاد گل نواز نے بتایا تھا کہ7 بچے اور وہ خود چیئر لفٹ میں پھنسے ہیں۔ جب کہ 2 بچے بے ہوش ہو چکے ہیں۔ گل نواز نے گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ بچوں کی حالت تشویشناک ہے، ان کی عمریں 10 سے 15 سال کے درمیان ہیں۔










