تازہ ترین

سعودی عرب میں کورونا ویکسین کی تیسری خوراک لگانے کا اعلان

ریاض( سن نیوز) سعودی عرب میں 60 سال سے زائد عمر کے افراد کو کورونا ویکسین کی تیسری خوراک لگانے کا اعلان کر دیا گیا ۔اس حوالے سے سعودی وزارت صحت کے ترجمان کا کہنا ہے کورونا ویکسین کی تیسری خوراک عمر رسیدہ افراد کو تقویت دینے کیلئے لگائی جائے گی ۔ 60 سال سے زائد عمر کا ہر وہ شخص جس کو ویکسین کی ڈوز لگوائے 8 ماہ گزر چکے ہوں وہ بوسٹر ڈوز لگوا سکتا ہے ۔سعودی محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ روز ملک میں 44 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 5 افراد عالمی وبا کے باعث جان کی بازی ہار گئے ۔حکام نے مزید بتایا کہ 58 افراد وائرس سے صحت یاب ہوئے ہیں ، جس سے مملکت کے تمام علاقوں میں صحت یاب ہونے والوں کی کل تعداد 535950 ہو گئی ہے ۔واضح رہے کہ مملکت میں ریکارڈ شدہ کیسوں کی کل تعداد 546926 تک پہنچ گئی ہے ، جبکہ مملکت میں اموات کی کل تعداد 8699 ہے ۔ادھر پاکستان میں کورونا نے مزید 41 افراد کو موت کی نیند سلا دیا جس کے بعد ملک بھر میں کورونا سے اموات کی تعداد 27 ہزار ، 638 ہو گئی ہے ۔ جبکہ 4 ہزار ، 15 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ، چوبیس گھنٹے کے دوران ملک بھر میں ایک ہزار ، 400 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 12 لاکھ ، 41 ہزار ، 825 تک پہنچ چکی ہے ۔این سی او سی کی رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ 24 گھنٹے کے دوران ملک بھر میں ، 44 ہزار ، 116 کورونا ٹیسٹ کئے گئے جبکہ مثبت کیسز کی شرح ، 3.17 فیصد ریکارڈ کی گئی ۔

اس وقت سب سے زیادہ مقبول خبریں