تازہ ترین

حکومت پاکستان اور کالعدم ٹی ٹی پی کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کر رہے ہیں: افغان وزیر خارجہ

اسلام آباد ( سن نیوز)افغانستان کے عبوری وزیر خارجہ امیر خان متقی نے کہا ہے کہ امارات اسلامی کا کوئی فرد نہیں بلکہ بطور پالیسی پوری امارات اسلامی حکومت پاکستان اور کالعدم ٹی ٹی پی کے مابین ثالثی کر رہی ہے، یقین ہے کہ مذاکرات کا مثبت نتیجہ نکلے گا۔جیو نیوز کے پروگرام جرگہ کے میزبان سلیم صافی کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے امیر خان متقی نے کہا کہ امن کا قیام اور جنگ کا خاتمہ سب کے فائدے میں ہے۔افغانستان کے عبوری وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت کا کردار ثالث کا ہے اس لیےکسی فریق کی طرف جھکاؤ ظاہر کرنا مناسب نہیں ہے۔امیر خان متقی کا کہنا ہے کہ خطے میں کسی قوت کو اجازت نہیں کہ لوگوں کو ایک دوسرے کے خلاف ابھارے۔خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان اور وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری بھی کالعدم ٹی ٹی پی کے ساتھ مذاکرات کی تصدیق کر چکے ہیں۔چند روز قبل فواد چوہدری نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ حکومت پاکستان اور کالعدم ٹی ٹی پی کے درمیان مکمل فائر بندی پر اتفاق ہو گیا ہے اور فریقین کے درمیان افغانستان کی ثالثی میں مذاکرات بھی جاری ہیں۔

اس وقت سب سے زیادہ مقبول خبریں