اسلام آباد (سن نیوز)معروف کشمیری رہنما نعیم چوہدری نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ یاسین ملک کو دی گئی عمر قید کے خلاف بیان بازی کی بجائے بھارتی سفارت کار کو پاکستان بدر کیا جائے اور اس وقت تک بھارتی سفارت کاروں کو نہ آنے دیا جائے جب تک یاسین ملک کی سزا ختم نہیں ہوتی۔ نعیم چوہدری نے کہا کہ دنیا بھر میں مقیم پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی اس غیر انسانی فیصلہ کے خلاف سراپا احتجاج ہیں، بھارتی حکومت یاسین ملک کو قید کی سزا تو دے سکتی مگر ان کی جدوجہد آزادی کو نہیں روک سکتی۔ انہوں نے کہا کہ اس سزا سے مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک آزادی میں مزید تیزی آئے گی۔اس موقع پر انٹرنیشنل ہیومن رائٹس فرانس کے صدر چوہدری صفدر برنالی نے یاسین ملک کو سنائی گئی سزا کو مکمل طور پر انسانی بنیادی حقوق کے خلاف قرار دیتے ہوئے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور فوری سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا مطالبہ کیا۔اس موقع پر ن لیگ فرانس کے رہنما سردار ظہور اقبال نے کہا کہ بھارتی عدالت کی غیر انسانی اور ناانصافی پر مبنی عمر قید کی سزا سے یاسین ملک کا قد مزید بلند ہوگیا ہے اور کشمیر کا مسئلہ عالمی سطح پر مزید اُجاگر ہوگیا ہے۔ن لیگ کے چیئرمین راجہ علی اصغر نے کہا کہ ناانصافی پر مبنی سزا کے بعد یاسین ملک حق و سچ کی آواز بن کر سامنے آئے ہیں، علاوہ ازیں یاسین ملک کی سزا پر صدائے احتجاج بلند کی ہے۔
کشمیری رہنما کا بھارتی سفارت کار کو پاکستان بدر کرنے کا مطالبہ
