تازہ ترین

برگرکھانے کے دوران خاتون کے منہ میں انسانی انگلی آگئی

لاپاز: تصور کریں کہ آپ کسی ریستوران میں اپنے من پسند برگر سے لطف اندوز ہورہےہوں اور برگر کے ساتھ انسانی انگلی بھی چبا جائیں تو پھر آپ کا ردعمل کیا ہوگا؟ایسا ہی کچھ بولیویا کے ایک خاتون اسٹیفنی بینتیز کے ساتھ ہوا، انہوں نے مقامی اسٹور سے برگر خریدا اور گھر پہنچ کر اسے کھانا شروع کیا تو انہیں منہ میں کسی عجیب شے کا احساس ہوا، جب انہوں نے اسے نکال کر دیکھا تو وہ انسانی انگلی تھی۔ اسٹیفنی نے اس ہولناک واقعے کی اطلاع فورا ریستوران کے مینیجر اور پولیس کو کی،اسٹیفنی نے اپنی فیس بک پوسٹ میں اس ہولناک واقعے کے بارے میں پوسٹ کرتے ہوئےکہا کہ ’برگر کھاتے ہوئے میں نے انسانی انگلی بھی چبا لی۔‘ انہوں نے اپنی پوسٹ میں برگر سے نکلنے والی انگلی کی تصویر اور ویڈیو بھی شیئر کی۔ ویڈیو میں انہیں برگر شاپ کے مینیجر سے گفتگو کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے جو انہیں کہہ رہے ہیں کہ ’ مجھے بتائیے آپ کو کیا چاہیے وہ ہم آپ کو دے دیں گے۔‘اسٹیفنی کی اس ویڈیو کو 60 ہزار سے زائد افراد نے دیکھا، ویڈیو وائرل ہونے کے بعد کمپنی کے ترجمان نے وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ دراصل یہ انگلی ان کے ایک ملازم کی ہے جو کہ گوشت کاٹتے وقت کٹ گئی تھی اور اسی گوشت سے بننے والا برگر غلطی سے اسٹیفنی کو فروخت کردیا گیا۔ریستوران کے ترجمان کے بیان کی تصدیق کرتے ہوئے پولیس ڈائریکٹر ایڈسن کلار کا کہنا تھا کہ کام کے دوران کمپنی کے ایک ورکر کی انگلی کٹ گئی تھی۔ تاہم انسانی انگلی کے برگر میں شامل ہونے کی غفلت پراس کی متعلقہ برانچ کوعارضی طور پر بند کرتے ہوئے کمپنی پر جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔