اسلام آباد(سن نیوز)اقتصادی سروے 22-2021 کے اہم خدوخال سامنے آگئے جس کے مطابق پاکستان میں گدھوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے جب کہ گھوڑوں اور خچروں کی تعداد برقرار ہے۔اقتصادی سروے رپورٹ کے مطابق پاکستان میں گدھوں کی تعداد میں مسلسل تیسرے سال بھی اضافہ ہوا ہے، ایک سال کے دوران پاکستان میں مزید ایک لاکھ گدھوں کا اضافہ ہوگیا جس کے بعد رواں مالی سال گدھوں کی تعداد بڑھ کر 57 لاکھ ہوگئی ہے، گزشتہ مالی سال ملک میں گدھوں کی تعداد 56 لاکھ تھی۔اقتصادی سروے میں بتایا گیا ہےکہ پاکستان میں گھوڑوں کی تعداد میں کوئی اضافہ نہیں ہوا ، گھوڑوں کی تعداد مسلسل تیسرے سال بھی چار لاکھ برقرار ہے اور خچروں کی تعداد بھی تیسرے سال دو لاکھ ہی رہی ہے۔پاکستان میں لائیو اسٹاک میں 3.26 فی صد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، ایک سال میں بھینسوں کی تعداد میں 13 لاکھ کا اضافہ ہوا، بھینسوں کی تعداد 4 کروڑ 24 لاکھ سے 4 کروڑ 37 لاکھ ہوگئی، ایک سال میں بھیڑوں کی تعداد میں 3 لاکھ کا اضافہ ہوا اور بھیڑوں کی تعداد 3 کروڑ 19 لاکھ ہوگئی۔رپورٹ کے مطابق بکریوں کی تعداد میں 22 لاکھ کا اضافہ ہوا، بکریوں کی تعداد 8 کروڑ 3 لاکھ سے 8 کروڑ 25 لاکھ ہوگئی جب کہ اونٹوں کی تعداد میں بھی کوئی اضافہ نہیں ہوا۔
پاکستان میں گدھوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ جاری
