اسلام آباد(سن نیوز)ایک خاتون نے تین دن کے وقفے سے اپنی جڑواں بیٹیوں کو جنم دیا، ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ یہ ’انتہائی غیر معمولی‘ ہے۔ایک غیر معمولی واقعہ ٹیکساس میں پیش آیا جہاں ایک خاتون نے تین دن کے وقفے سے اپنی جڑواں بیٹیوں کو جنم دیا۔کارمین مارٹنیز، جو اب تین بچوں کی ماں ہیں، اُنہوں نے رواں سال 7 مارچ کو اپنی پہلی بیٹی اور تین دن کے بعد یعنی 10 مارچ کو دوسری بیٹی کو جنم دیا۔خاتون نے میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں بتایا کہ ’گیبی 24 ہفتوں اور چار دن میں پیدا ہونے والا پہلا بچہ تھا اور بیلا کی پیدائش 25 ہفتوں میں ہوئی تھی۔‘اُنہوں نے بتایا کہ ’گیبی کو اس کی پیدائش کے بعد این آئی سی یو میں داخل کیا گیا تھا جبکہ مجھے اپنے دوسرے بچے کی پیدائش میں تاخیر کرنے کا مشورہ دیا گیا تھا تاکہ اس کے زندہ رہنے کے امکانات بڑھ جائیں۔‘خاتون نے کہا کہ ’ہم نے فوری طور پر کسی کو فون نہیں کیا تھا کیونکہ ہمیں نہیں معلوم تھا کہ کیا ہونے والا ہے، جب ہم نے آخر کار اپنے قریبی گھر والوں کو فون کیا اور گیبی کی تصویر بھیجی تو ہر کوئی صرف ایک بچی کی تصویر دیکھ کر خوفزدہ ہوگیا تھا اور جب اُنہیں مکمل بات بتائی گئی تو وہ سُن کر حیران رہ گئے تھے۔‘بچوں کی پیدائش میں مدد کرنے والے ڈاکٹر نے کہا کہ ’میں نے اپنے کیریئر میں ایسا پہلی بار دیکھا ہے، یہ بہت غیر معمولی ہے۔‘گیبی اور بیلا کے وقت سے پہلے پیدا ہونے کی وجہ سے ان کے صرف 30 فیصد زندہ رہنے کی توقع تھی لیکن وہ تین ماہ کی ہیں اور تندرست ہیں۔