تازہ ترین

مری میں برفانی طوفان کے دوران سیاحوں کو لوٹنے والے کتنے ہوٹل سیل کر دیئے گئے؟ بڑی خبر

اسلام آباد ( سن نیوز)سانحہ مری ، ناجائز منافع کمانے والوں کے گھیرا تنگ کر دیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق سانحہ مری کے بعد ناجائز منافع خوروں کیخلاف ایکشن لیتے ہوئے پنجاب حکومت و ضلعی انتظامیہ نے ہوٹلوں کو سیل کرنا شروع کردیا ہے۔مری کے ہوٹلوں میں سیاحوں سے اوور چارجنگ کی شکایات پر اب تک 15 ہوٹلز سیل کیے جاچکے ہیں ۔ قبل ازیں مری میں طوفانی برفباری کے دوران سیاحوں سے زیادہ کرایہ طلب کرنے پر ایک ہوٹل سیل کر دیا گیا ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق سیاحوں کی مجبوری کا فائدہ اٹھانے اور ان سے کرائے کی مدمیں زیادہ رقم وصول کرنے پر ایک ہوٹل سیل کر دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کی جانب سے سوشل میڈیا پر شکایت کے بعد تحقیقات کرکے کارروائی کی گئی۔دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہاہے کہ مری میں پیش آنے والے افسوسناک واقعہ کی تحقیقات کا آغاز ہو چکا ہے۔ غفلت یا کوتاہی کے ذمہ داروں کے خلاف بلا تفریق کارروائی ہوگی اورانکوائری رپورٹ کی روشنی میں جو بھی قصور وار نکلا، اس کے خلاف قانون کے تحت ایکشن لیا جائے گا۔ ذمہ دار سزا سے نہیں بچ سکیں گے۔ انہوں نے کہاکہ قیمتی جانوں کے ضیاع پر ہر آنکھ اشکبار اور ہر دل دکھی ہے۔ آئندہ ایسے افسوسناک واقعات کو روکنے کیلئے شارٹ ٹرم اورلانگ ٹرم پلاننگ کی جا رہی ہے اور اس ضمن میں ایس او پیز پر بھی نظر ثانی کی جا رہی ہے۔

اس وقت سب سے زیادہ مقبول خبریں