تازہ ترین

پنجاب میں سردی بڑھنے سے دھند میں اضافہ، موٹروے کئی مقامات سے ٹریفک کے لیے بند

اسلام آباد ( سن نیوز) پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں سردی بڑھنے سے دھند میں اضافہ ہوگیا۔ حد نگاہ کم ہونے سے موٹروے کئی مقامات سے ٹریفک کیلئے بند کر دی گئی، دھند کے باعث فلائٹس کا شیڈول بھی متاثر ہوا۔ ملک کے بیشتر علاقوں میں جاڑے کی شدت میں اضافے سے میدانی علاقوں میں دھند بھی بڑھ گئی۔ ملتان، فیصل آباد، کوٹ مومن میں حد نگاہ کم رہی۔گوجرہ، وہاڑی میں دھند کے باعث حد نگاہ انتہائی کم رہنے سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ کلور کوٹ، رینالہ اور دیگر کئی علاقوں میں شدید دھند سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ موٹروے پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ دھند میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور دوران سفر گاڑیوں میں فوگ لائٹس کا استعمال یقینی بنائیں۔دوسری جانب موسم کی خرابی اور رن وے پرحدنگاہ 150 میٹر ہونے کے باعث لاہورایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل کردیا گیا اور کئی پروازیں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔لاہور میں موسم کی خرابی اور حد نگاہ ایک سو پچاس میٹر رہ جانے پر لاہور ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل کردیا گیا ہے۔ فلائٹ آپریشن معطل ہونے کے بعد اندرون اور بیرون ملک جانے والی کئی پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں جب کہ کئی جہازوں کا رخ دیگر ایئرپورٹس کی جانب موڑ دیا گیا۔ لاہور آنے والی جن پروازوں کا رخ موڑا گیا ان میں دبئی سے آنے والی پروازپی اے411 اور شارجہ سے آنے والی پروازپی اے413 ہیں جنہیں اسلام آباد ایئرپورٹ پر لینڈ کرنےکی ہدایات کی گئی ہیں۔جدہ سےآنے والی پرواز ایس وی 737 اور 738 منسوخ کردی گئیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شارجہ سے آنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 185، مسقط سے آنے والی پرواز پی کے 129 اورکراچی سے لاہورآنے والی پرواز پی کے307 کو بھی منسوخ کردیا گیا ہے۔

اس وقت سب سے زیادہ مقبول خبریں