تازہ ترین

عمران خان عالمی طاقتوں کا مہرہ ہے، فضل الرحمٰن

اسلام آباد ( سن نیوز)پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا ہے کہ وقت نے ہمارے مؤقف کو درست ثابت کر دیا کہ عمران خان عالمی طاقتوں کا مہرہ ہے۔مولانا فضل الرحمٰن نے فارن فنڈنگ کیس سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا ملکی سلامتی اور مسلم قوم کے مفادات سے کوئی سروکار نہیں۔انہوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس کی اسکروٹنی کمیٹی کی رپوٹ ہم سب کیلئے چشم کشا ہے، عمران خان نے الیکشن کمیشن سے 53 اکاؤنٹس کو چھپایا۔پی ڈی ایم سربراہ کا کہنا تھا کہ ان اکاؤنٹس میں بیرون ممالک سے کئی مشتبہ اداروں اور افراد کی طرف فنڈنگ کی جا رہی تھی، رپورٹ میں فنڈنگ میں خردبرد کے اشارے انتہائی خطرناک رجحانات کی نشاندہی کرتے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ جن غیر ملکی قوتوں نے پی ٹی آئی کو بھاری مالی معاونت دی عمران خان اب انہی قوتوں کے مفادات کے تحفظ میں مصروف ہیں، پہلے اس اہم مقدمے کو نمٹانے میں غیرمعمولی تاخیر نے کئی شکوک و شبہات پیدا کئے۔مولانا فضل الرحمٰن کا یہ بھی کہنا تھا کہ تحقیق کے بعد ثابت ہو گیا کہ پی ٹی آئی کے رکن اکبر ایس بابر کے الزامات درست تھے، ہم اکبر ایس بابر کی حب الوطنی اور ثابت قدمی کے معترف ہیں، انہوں نے ملک سے وفاداری اور پی ٹی آئی کارکنوں کی درست رہنمائی کا فریضہ ادا کیا۔سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ پی ٹی آئی کا ساڑھے 3 سالہ دور اس قوم کے مستقبل پر تباہ کن اثرات ڈال گیا، ملکی اداروں کو بھی قومی سلامتی کو درپیش خطرات کے بارےمیں سنجیدگی سے سوچنا چاہیے۔

اس وقت سب سے زیادہ مقبول خبریں