اسلام آباد( سن نیوز)کراچی میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن آسٹریلیا نے 97 رنز 2 کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈیکلیئر کرکے پاکستان کو جیت کیلئے 506 رنز کا ہدف دیا ہے۔آسٹریلیا کی جانب سے عثمان خواجہ اور مارنوس لابوشین نے گزشتہ روز کی نامکمل اننگز کا آغاز کیا۔چوتھے دن کے ابتداء میں ہی مہمان ٹیم کو 97 کے مجموعی اسکور پر 44 رنز بنانے والے مارنوس لابوشین کی وکٹ کا نقصان اٹھانا پڑا۔مارنوس لابوشین کو شاہین آفریدی نے بولڈ کیا جس کے فوری بعد مہمان کپتان نے اننگز ڈیکلیئر کرنے کا اعلان کردیا۔آسٹریلیا نے ٹیسٹ میں مجموعی طور پر 505 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے اور پاکستان کو ٹیسٹ جیتنے کیلئے 506 رنز کا ہدف ملا ہے۔پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں حسن علی اور شاہین آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ٹیسٹ میں گزشتہ روز پاکستان کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 148 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز 556 رنز 9 وکٹ پر ڈیکلیئر کر دی تھی۔
پاکستان کو کراچی ٹیسٹ جیتنے کیلئے 506 رنز کا ہدف
