تازہ ترین

مرلی دھرن نے شین وارن کی موت کو کھیلوں کیلئے بڑا نقصان قرار دیدیا

اسلام آباد( سن نیوز)آسٹریلیا کے لیجنڈری اسپنر شین وارن کی موت پر ان کے حریف لیکن بہت اچھے دوست مرلی دھرن بھی افسردہ ہیں، انہوں نے شین وارن کی موت کو کھیلوں کے لیے بڑا نقصان قرار دے دیا۔ ٹیسٹ اور ایک روزہ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے سری لنکن اسپنر مرلی دھرن نے شین وارن کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سب کچھ بہت چونکا دینے والا ہے، میں نہیں جانتا کہ مجھے کیا کہنا ہے، وہ میرے بہت اچھے دوست ہیں اور لیجنڈری کرکٹر ہیں۔مرلی کا کہنا تھا کہ شین وارن نے اسپن بولنگ کے لیے جو کچھ کیا وہ کسی نے نہیں کیا، انہیں کرکٹ کے عظیم کھلاڑیوں میں سے ایک کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ سری لنکن لیجنڈ کا کہنا تھا کہ میں جب بھی شین وارن سے ملتا تھا تو بہت ہی فٹ دکھائی دیتے تھے، ان کی موت کرکٹ کی دنیا کے لیے بہت بڑا نقصان ہے۔ شین وارن کے ابتدائی دنوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مرلی کا کہنا تھا کہ میں نے انہیں 1992 میں دیکھا تھا، انہوں نے آسٹریلیا کے لیے بہت مشکل میچ جتوایا، اور اس وقت میں نے سوچا کہ یہ بہت ہی مختلف بولر بننے والا ہے۔ خیال رہے کہ ایک روز قبل 52 سالہ شین وارن دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے تھے۔ کرکٹر کے ترجمان کا کہنا تھا کہ شین وارن تھائی لینڈ کے وِلا میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے، ان کا انتقال حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے ہوا۔

اس وقت سب سے زیادہ مقبول خبریں