تازہ ترین

تمام ٹیمیں 2025 کی چیمپئنز ٹرافی کیلئے پاکستان جائیں گی: آئی سی سی

اسلام آباد( سن نیوز)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو یقین ہے کہ تمام ٹیمیں 2025 کی چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان جائیں گی۔پاکستان میں ہونے والی 2025 کی چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کی شرکت انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے لیے ایک ’چیلنجنگ‘ مسئلہ ہے لیکن آئی سی سی نے کہا کہ اُنہیں یقین ہے کہ تمام ٹیمیں ٹورنامنٹ کے لیے پاکستان جائیں گی۔چیئرمین آئی سی سی گریگ بارکلے سے صحافی نے یہ سوال پوچھا کہ کیا آئی سی سی کو یقین ہے کہ 2025 کی چیمپئنز ٹرافی کے لیے ٹیمیں پاکستان کا سفر کریں گی؟ جس پر اُنہوں نے کہا کہ ’جی ہاں! بالکل تمام ٹیمیں پاکستان جائیں گی۔‘گریگ بارکلے نے کہا کہ ’اگر پاکستان 2025 کی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کرنے کے قابل نہ ہوتا تو ہم کبھی اُنہیں یہ عالمی ایونٹ نہ دیتے، پاکستان قابل ہے، اسی وجہ سے ہم نے اُنہیں یہ سُنہرا موقع دیا ہے۔‘اُنہوں نے کہا کہ ’مجھے یقین ہے کہ پاکستان اس عالمی ایونٹ کے لیے تمام تر حفاظتی اقدام کرے گا۔‘چیئرمین آئی سی سی نے بھارت کے حوالے سے کہا کہ ’میں صرف امید کرتا ہوں کہ کرکٹ ممالک کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے میں مدد کرنے کے لیے ایک طاقت ثابت ہو سکتی ہے، کھیل قوموں کو ایک دوسرے کے ساتھ لانے میں مدد کرنے کے لیے ایک عظیم چیز ہے۔‘یاد رہے کہ اس سے قبل بھارت کے وزیر کھیل اور کرکٹ بورڈ کے سابق سربراہ انوراگ ٹھاکر نے کہا تھا کہ 2025 کی چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کے لیے سیکیورٹی سب سے اہم تشویش ہے اور وقت آنے پر ہی بھارتی حکومت فیصلہ کرے گی کہ ٹیم پاکستان جائے گی یا نہیں۔واضح رہے کہ آئی سی سی کے اعلان کے بعد چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی پاکستان کو مل گئی۔پاکستان نے گزشتہ چند سالوں کے دوران پی ایس ایل کے ساتھ ساتھ غیر ملکی ٹیموں سے ہوم سیریز کھیل کر یہ ثابت کیا ہے کہ پاکستان اب بین الاقوامی کرکٹ کے لیے محفوظ ملک ہے۔

اس وقت سب سے زیادہ مقبول خبریں