تازہ ترین

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ :خیبر پختونخوا اور سینٹرل پنجاب فائنل میں پہنچ گئے

اسلام آباد( سن نیوز)نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں خیبر پختونخوا اور سینٹرل پنجاب کی ٹیمیں فائنل میں پہنچ گئیں۔منگل کو کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن خیبر پختونخوا نے ناردرن کو 5 وکٹوں سے شکست دی جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں سینٹرل پنجاب نے سندھ کے خلاف 7 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔ پہلے سیمی فائنل میں ناردرن نے خیبر پختونخوا کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کا آغاز کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز اسکور کیے ۔ ذیشان ملک نے 3 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 29 جبکہ ناصر نواز 27 رنز بناکر نمایاں رہے ۔کے پی نے 157 رنز کا ہدف با آسانی 5 وکٹوں کے نقصان پر 20 ویں اوور میں حاصل کرلیا۔صاحبزادہ فرحان 53 اور محمد افتخار نے 45 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار اداکیا۔اس کے علاوہ دوسرے سیمی فائنل میں سینٹرل پنجاب نے سندھ کو باآسانی7 وکٹوں سے شکست دے دی ۔سندھ نے سینٹرل پنجاب کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کی اور مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 141 رنز بنائے ۔خرم منظور 34 اور شرجیل خان 32 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ سینٹرل پنجاب کی جانب سے قاسم اکرم نے 3 کھلاڑیو ں کو آؤٹ کیا۔سینٹرل پنجاب نے 142 رنز کا ہدف 18ویں اوور میں باآسانی 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔کامران اکمل نے 51 اور احمد شہزاد 49 رنز بنا کر نمایاں رہے۔نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کا فائنل بدھ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں دفاعی چیمپئن خیبر پختونخوا اور سینٹرل پنجاب کے درمیان کھیلا جائے گا۔