اسلام آباد( سن نیوز)بالی ووڈ اسٹار مادھوری ڈکشٹ کا کہنا ہے کہ انہوں نے ہمیشہ شہرت کو بے حسی کی نگاہ سے دیکھا ہے اور اسی لیے اسے کھونے کا کبھی خوف پیدا نہیں ہوا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق مادھوری ڈکشٹ نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ مجھے کبھی شہرت کھونے کا خوف نہیں ہوا، شہرت میری زندگی کا الگ حصہ ہے، میں اپنی زندگی کس طرح گزارتی ہوں یہ کسی بھی چیز سے زیادہ اہم ہے۔اُنہوں نے کہا کہ وہ اسٹارڈم کی فکر کرنے کے بجائے اپنے فن کے ساتھ سچے رہنے کے بارے میں زیادہ فکر مند ہیں، شہرت نشہ آور ہو سکتی ہے لیکن یہ شخص پر منحصر ہے۔ کچھ لوگ شہرت کے عادی ہوسکتے ہیں، وہ اس کے بغیر نہیں رہ سکتے یا وہ سمجھتے ہیں کہ وہ بڑے اسٹار ہیں، اس لیے وہ جہاں بھی جائیں لوگوں کو خوش کرنا پڑتا ہے لیکن میرے لیے شہرت سے زیادہ کام اہم ہے۔مادھوری ڈکشٹ نے کہا کہ مجھے اپنے فن سے پیار ہے، مجھے ڈانس پسند ہے اور کیمرے کے سامنے ہونا سب کچھ ہے، میں اس کے لیے خلوص نیت سے کام کرتی ہوں اور ہمیشہ اپنی پوری کوشش کرتی ہوں، شہرت وہی بنتی ہے جو آپ اس کے بارے میں سوچتے ہیں اور مجھے نہیں لگتا کہ شہرت کے لیے جنون میں رہنا اچھا ہے۔بالی ووڈ اداکارہ نے ایک واقعے کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یاد ہے جب میں ائیرپورٹ پر اتری اور باہر آئی تو وہاں چھوٹے چھوٹے بچے بھاگ رہے تھے اور پھر ان میں سے ایک نے مجھے دیکھا اس نے کہا، ‘اوہ دیکھو!’ وہ میرے پاس آیا اور پُرجوش انداز میں پوچھا، کیا آپ ایک دو تین ہیں؟ کیا میں آٹوگراف لے سکتا ہوں؟ چنانچہ میں نے اسے آٹو گراف دیا۔اُنہوں نے کہا کہ چونکہ میرا نام ‘ایم’ سے شروع ہوتا ہے، اس لیے اس نے مجھ سے کاغذ لیا، اسے اپنے دوستوں کو دکھایا اور خوشی سے کہا، ‘دیکھ، دیکھ، میں نے کہا تھا نہ یہ موہنی ہے۔مادھوری نے کہا کہ اسٹار ہونے کے بارے میں سب سے مشکل بات یہ ہے کہ آپ سے بہت سی چیزوں کی توقع کی جاتی ہے، آپ سے مطالبہ کیا جاتا ہے، لوگ محسوس کرتے ہیں، اسے اس طرح ہونا چاہیے، لوگوں کا مستقل دباؤ رہتا ہے۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ ایک اسٹار پر ہمیشہ اُس کے مداحوں کا دباؤ رہتا ہے، یہ وہ چیزیں ہیں جن کا سامنا ہر ایک اسٹار کو ہوتا ہے۔
اپنے کیریئر میں کبھی شہرت کھونے کا خوف نہیں ہوا: مادھوری ڈکشٹ
