اسلام آباد(سن نیوز):)بالی ووڈ کے بھائی جان سلمان خان کو دھمکی آمیز خط موصول ہونے کے بعد ارباز خان اور سہیل خان اپنے بھائی سے ملنے پہنچ گئے۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق سلمان خان اور سلیم خان کو اتوار کو دھمکی آمیز خط ملا اور پیر کو سلمان خان کی ممبئی رہائشگاہ پر ارباز خان اور سہیل خان پہنچے۔بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے محکمہ داخلہ نے سلمان خان اور سلیم خان کو دھمکی آمیز خط بھیجے جانے کے بعد اُن کی سیکیورٹی کے اقدامات مزید سخت کردیے ہیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق والد اور بھائی کو دھمکی ملنے کے بعد ارباز خان اور سہیل خان ممبئی میں واقع رہائشگاہ پر پہنچے، اس حوالے سے ایک ویڈیو بھی سامنے آئی ہے۔سوشل میڈیا پر زیر گردش ویڈیو میں سلمان خان کے دونوں چھوٹے بھائیوں کو گھر کے باہر تعینات پولیس اہلکاروں سے بات چیت کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ممبئی پولیس نے گزشتہ روز سلمان خان اور سلیم خان کو دھمکی پر مبنی خط ملنے پر نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی ہے۔پولیس کے مطابق سلیم خان کو صبح ساڑھے 7، 8 بجے یہ خط باندرا کے ساحل کی اُس بینچ سے ملا جہاں وہ عموماً جاگنگ کے بعد بیٹھتے ہیں۔سلمان خان آئیفا ایوارڈ 2022ء کے سلسلے میں دبئی میں تھے، وہ بھی اتوار کو ہی ممبئی لوٹ آئے، اس تقریب کے میزبان رتیش دیش مکھ اور منیش پال تھے۔بالی ووڈ کے بھائی جان کئی ماہ سے اپنی فلم ٹائیگر 3 کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، فلم کی دیگر کاسٹ میں کترینہ کیف اور عمران ہاشمی شامل ہیں، یہ فلم 21 اپریل 2023ء کو ریلیز کی جائے گی۔
دھمکی آمیز خط: ارباز اور سہیل، سلمان خان سے ملنے پہنچ گئے
