تازہ ترین

200 کروڑ کے فراڈ اور منی لانڈرنگ کیس میں نورا فتیحی طلب

نئی دہلی( سن نیوز) بھارتی اداکارہ، ماڈل اور ڈانسر نورا فتیحی کو 200 کروڑ کے فراڈ اور منی لانڈرنگ کیس میں طلب کیا گیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق نورافتیحی کو قانون نافذ کرنے والے ادارے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ، جسے مختصراً ای ڈی کہا جاتا ہے، نے کیس میں سمن جاری کیا ہے۔بھارتی نیوز ایجنسی اے این آئی کے مطابق نورا کو سمن جاری ہونے کے بعد ای ڈی آفس کے باہر دیکھا گیا۔ اے این آئی نے آج صبح ٹوئٹ کیا کہ اداکارہ نورا فتیحی سکیش چندراشیکھر فراڈ کیس کے سلسلے میں تحقیقات میں شامل ہونے کے لیے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے آفس پہنچیں۔اس سے قبل اداکارہ جیکولین فرنینڈس نے بھی اگست میں اسی کیس میں سلسلے میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ میں بطور گواہ اپنا بیان ریکارڈ کروایا تھا۔ ای ڈی 5 گھنٹوں تک اداکارہ سے پوچھ گچھ کرتی رہی۔بھارتی میڈیا کے مطابق انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے اداکارہ جیکولین فرنینڈس کو 15 اکتوبر کو دوبارہ پوچھ گچھ کے لیے ای ڈی آفس بلایا ہے۔واضح رہے کہ 200 کروڑ کے فراڈ، بھتہ خوری اور منی لانڈرنگ کیس میں سکیش چندرا شیکھر نامزد ملزم ہیں۔ اداکارہ جیکولین فرنینڈس اس شخص کی قریبی دوست اور پارٹنر لینا پال کے ذریعے اس ریکٹ کا شکار ہوئیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق سکیش چندرا شیکھر جیل کے اندر سے بھتہ خوری کا ریکٹ چلا رہاتھا اور ایک تاجر سے 200 کروڑ روپے بھتہ لیا۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹر نے اپنے بیان میں کہاتھا کہ چندرا شیکھر اس فراڈ کا ماسٹر مائنڈ ہے۔ وہ 17 سال کی عمر سے جرائم کی دنیا کا حصہ رہا ہے۔ اس کے خلاف پولیس اسٹیش میں کئی شکایات درج ہیں اور وہ جیل میں بند ہے۔