اسلام آباد( سن نیوز)پاکستانی شوبز انڈسٹری کی کئی نامور شخصیات نے اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کے خلاف وزیرِاعظم عمران خان کی حمایت کردی ہے۔معروف پاکستانی اداکار شان شاہد نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیرِ اعظم عمران خان کی ایک مونو کروم فوٹو شیئر کی ہے۔اُنہوں نے عمران خان کی حمایت کرتے ہوئے لکھا کہ’اس حلف کو یاد رکھیں، ان الفاظ کو یاد رکھیں، اس جدوجہد کو یاد رکھیں اور ایک سچے لیڈر کو یاد رکھیں جو ہم سب کے لیے لڑ رہا ہے‘۔یہی نہیں بلکہ اداکار نے اپنے ٹوئٹ میں عمران خان کو مشرق کا شیر قرار دے دیا ہے۔پاکستانی اداکارہ سائرہ یوسف نے اپنی انسٹا اسٹوری پر عمران خان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے لکھا کہ’آپ اپنے لوگوں کے ذریعے منتخب ہوئے تھے‘۔اُنہوں نے مزید لکھا کہ’وہ ہمیشہ عمران خان کا ہی اتنخاب کریں گی‘۔اداکار علی عباس نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپوزیشن کے خلاف عمران خان کی حمایت کرتے ہوئے لکھا کہ’جب سب گندے انڈے ایک طرف اکھٹے ہوگئے ہیں تو ایک اچھی قوم کو کیا کرنا چاہیے؟‘اُنہوں نے مزید لکھا کہ’ اگر اس بار ان گندے انڈوں کو نہ توڑا تو شرم سے ڈوب مرنے کا مقام ہوگا‘۔شوبز شخصیات عمران خان کی حمایت میں یک زبانعلی عباس نے مزید لکھا کہ’وہ عمران خان کے ساتھ ہیں کیونکہ وہ غلام نہیں بن سکتے‘۔اُنہوں نے قوم سے اپیل کی کہ’ آپ بھی اس ذہنی غلامی سے نکلیں‘۔اداکار بلال قریشی اور اداکارہ ایمن خان نے بھی اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹس پر عمران خان کی حمایت میں ایک پوسٹ شیئر کی ہے۔اس پوسٹ میں لکھا ہے کہ’ ہم پاکستان اور عمران خان کے لیے لڑیں گے‘۔جبکہ نامور ڈرامہ نگار خلیل الرحمٰن قمر نے بھی مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر عمران خان کی حمایت کی ہے۔اُنہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ’بائیس کروڑ کی فوج کا سالار بننے کا وقت ہے، چیف صاحب‘۔اُنہوں نے مزید لکھا کہ’ملک کو غلامی سے نکالنے کیلئے وزیراعظم کے ساتھ ڈٹ جائیے، تاریخ کاغذ قلم لیے آپ کے سامنے کھڑی ہے‘۔اُنہوں نے لکھا کہ’یاد رکھیے گا وقت بس عارضی رتبے دیتا ہے جبکہ تاریخ صدیوں کا وقار اور مقام دیتی ہے‘۔اس کے علاوہ اداکار شہروز سبزواری نے بھی اپنے کپتان، وزیرِ اعظم عمران خان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
شوبز شخصیات عمران خان کی حمایت میں یک زبان
