تازہ ترین

عدم اعتماد: 25 مارچ کو اجلاس کیوں بلایا گیا؟ وجوہات بھی سامنے آگئیں

اسلام آباد( سن نیوز)اپوزیشن کی ریکوزیشن پر قومی اسمبلی کا اجلاس 25 مارچ کو طلب کرلیا گیا۔قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر نے 25 مارچ کوقومی اسمبلی اجلاس بلانے کی وجوہات بھی حکم نامے میں بیان کردیں۔اسپیکر کا کہنا ہے کہ 8 مارچ کو اجلاس بلانے کی ریکوزیشن اپوزیشن کی جانب سے موصول ہوئی، قومی اسمبلی نے او آئی سی اجلاس قومی اسمبلی ہال میں انعقادکیلئے21 جنوری کوقراردادمنظورکی تھی اور قومی اسمبلی چیمبر کو فروری کے آخر میں تزئین وآرائش کیلئے وزارت خارجہ کے سپرد کیاگیا۔حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ اجلاس کی ریکوزیشن ملتے ہی سینیٹ سیکرٹریٹ سے سینیٹ ہال دینے کی درخواست کی گئی لیکن سینیٹ سیکرٹریٹ نے بھی ہال کی تزئین و آرائش کے باعث چیمبر دینے سے انکار کیا۔اسپیکر کا کہنا ہے کہ چیئرمین سی ڈی اے، ڈی سی اسلام آبادکوبھی اجلاس کیلئے موزوں جگہ تلاش کرنے کا کہاگیا لیکن ڈی سی اور چیئرمین سی ڈی اے نے موزوں جگہ نہ ہونے سے تحریری آگاہ کیا جس کے بعد تمام صورتحال کاجائزہ لےکر قومی اسمبلی اجلاس 25 مارچ کوبلانےکا فیصلہ کیا۔خیال رہے کہ قومی اسمبلی کا اجلاس 25 مارچ بروزجمعہ صبح 11 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا۔واضح رہے کہ اپوزیشن نے 25 مارچ کو اسمبلی اجلاس بلانا خلاف آئین قرار دیا ہے اور اسے عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اس وقت سب سے زیادہ مقبول خبریں