اسلام آباد( سن نیوز)اپوزیشن رہنماؤں نے بجلی، پیٹرول، ڈیزل سستا کرنے کو وزیراعظم کا گھبرانا قرار دے دیا۔اپوزیشن رہنماؤں نے دعویٰ کیا کہ یہ لانگ مارچ اور تحریک عدم اعتماد کا دباؤ ہے کہ وزیراعظم عوام کو ریلیف دینے پر مجبور ہوئے ۔پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ‘عمران خان کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں، قوم کو سستا پیٹرول مبارک ہو’۔رہنما پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان بولیں، یہ بلاول بھٹو زرداری کے عوامی مارچ کا دباؤ ہے جس کی وجہ سے وزیراعظم نے بجلی پیٹرول ڈیزل سستا کیا۔دوسری جانب رہنما ن لیگ مفتاح اسمعیل بولے، جو سب کو کہتے تھے، گھبرانا نہیں، وہ تحریک عدم اعتماد سے گھبرا گئے۔ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب نے کہاکہ ‘ پیٹرول اور بجلی سستی کرنا عمران خان کی نوکری بچانے کی ناکام کوشش ہے،یہ عوام کا احساس نہیں بلکہ تحریک عدم اعتماد کا خوف ہے’۔اس کے علاوہ ن لیگ کے پرویزرشید نے کہا کہ’ مخالفین پر جھوٹے الزام لگانے والا کرسی چھن جانے کے خوف میں مبتلا ہوگیا ہے’۔واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے قوم سے اپنے خطاب میں پیٹرولیم مصنوعات اور بجلی سستی کرنے کا اعلان کیا تھا۔
اپوزیشن رہنماؤں نے بجلی، پیٹرول، ڈیزل سستا کرنے کو وزیراعظم کا گھبرانا قرار دے دیا
