تازہ ترین

اپوزیشن کی سیاست 50 دن کی رہ گئی ہے، شیخ رشید

اسلام آباد( سن نیوز): وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کی سیاست 50 دن کی رہ گئی ہے، 50 دن کے بعد عمران خان مزید مضبوط ہوجائیں گے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ فضل الرحمان کی سیاست الگ اور پیپلزپارٹ و ن لیگ کی سیاست الگ ہے، پوری اپوزیشن کے راستے جدا جدا ہیں، یہ لوگ ہمارے اتحادیوں سے مدد مانگ رہے ہیں، مجھے یہ لوگ 23 مارچ کو بھی اسلام آباد آتے نظر نہیں آرہے، یہ سارے ٹی وی ٹی وی دیکھ رہے ہیں، ان سے پوچھتا ہوں کہ انہوں نے کیا لینے کے لئے اسلام آباد آنا ہے۔شیخ رشید نے کہا کہ اپوزیشن کے پیٹ میں مروڑ اٹھ رہے ہیں، عدم اعتماد لانے کا دعوی کرنے والے لاکر دکھائیں، ان کو شکست ہوگی، یہ لوگ عدم اعتماد کیلئے بندے نہیں لاسکتے، مارچ میں کس کو لے کر آئیں گے، پوزیشن اپنی چارپائی کے نیچے جھاڑو دے، اپنے بندے پورے کرے، ان کی سیاست 50 دن کی رہ گئی ہے، عمران خان کی ایک منتخب حکومت ہے وہ مقابلہ کرنے والا شخص ہے، 50 دن کے بعد عمران خان مزید مضبوط ہوجائیں گے، آئندہ 50 روز پاکستانی سیاست کے لیے اہم ہیں، اپوزیشن کو پتہ لگ جائے گا، عمران خان سرخرو ہوں گے، کیوں کہ ان کے پاس موثر ہتھیار دیانت داری کا ہے۔وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ شہبازشریف کے کیسز میں بڑی جان ہے، اس وقت سب سے مضبوط کیس شہبازشریف اور حمزہ شہباز کا ہے، اور اسی لئے وہ زیادہ ایکٹو ہوئے ہیں، شہبازشریف نواز شریف سے بڑے کرپٹ ہیں، نیب کے کیس میں عدالتوں نے بڑاوقت لیا، اس وقت 70 کیس میگا کرپشن کے ہیں ان کے فیصلے ہونے چاہئے، اگلے ڈیڑھ سال میں ان سترکیسوں کا فیصلہ کرانے کی کوشش کریں گے، لوگوں نے ہم سے چوری کے پیسے اور لوٹی ہوئی دولت واپس لانے کی امیدیں رکھی تھیں، اس بات کا اعتراف ہے کہ لوٹی ہوئی دولت واپس لانے کا وعدہ پورا نہیں کرسکے۔فیصل واوڈا نااہلی کیس کے حوالے سے وزیرداخلہ نے کہا کہ گزشتہ روز علی امین گنڈا پور کے بھائی کو بھی سپریم کورٹ نے اسٹے دے دیا تھا، فیصل واوڈا بھی سپریم کورٹ جائیں گے۔

اس وقت سب سے زیادہ مقبول خبریں