اسلام آباد(سن نیوز)وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل کاکہنا ہے کہ ملک کے تمام شعبوں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔اسلام آباد میں بزنس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ پاکستان میں ہر سال 18 سے 20 لاکھ افراد لیبر مارکیٹ جوائن کرتے ہیں۔مفتاح اسماعیل نے بتایا کہ کسی وزیراعظم کے لیے اس طرح پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانا آسان نہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان، شوکت ترین نے آئی ایم ایف سے وعدے کے برعکس تیل پر سبسڈی دی، ہم پی ٹی آئی کے آئی ایم ایف سے کیے معاہدے پر چلتے تو پیٹرول 300 روپے لیٹر ہوتا۔انہوں نے بتایا کہ عمران خان فروری میں روس گئے، گندم اور گیس پر بات ہوئی، تیل کا کہیں ذکر نہیں تھا، حماد اظہر نے 30 مارچ کو تیل کے لیے روس کو خط لکھا، جواب نہیں آیا۔مفتاح اسماعیل کاکہنا تھا کہ عمران خان کو کس نے روکا تھا روس سےسستا تیل لینے سے،انہوں نے کہا کہ امید ہے بہت جلد ہمارا آئی ایم ایف سے معاہدہ ہوجائے گا۔