تازہ ترین

پی ٹی آئی نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی توہین عدالت کی، رانا ثناء اللّٰہ

اسلام آباد (سن نیوز)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی توہین عدالت کی۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ پی ٹی آئی والوں کا مقصد جلسہ کرنے نہیں بلکہ افراتفری اور انتشار پھیلانا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ ان کے آنے سے پہلے تین چار ہزار لوگ ڈی چوک پہنچ چکے تھے، یہ لوگ کہاں کہاں سے آئے تھے ہم نے سب کو مارک کر لیا ہے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ انتشار کے لیے پارلیمنٹ لاجز اور کے پی کے ہاؤس میں مسلح لوگوں کو لا کر ٹہرایا گیا۔وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان کے اس بیان کے بعد کہ اُن کے لوگ مسلح تھے، اب کسی مزید ثبوت کی ضرورت نہیں رہتی۔رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا تھا کہ اسلام آباد، راولپنڈی کے شہریوں نے اس فتنہ اور فسادی مارچ میں شرکت نہیں کی، خان صاحب آپ دو سو فیصد گولیاں چلانے کے ارادے سے آئے تھے۔انہوں نے کہا کہ پولیس کے پاس صرف ربڑ بلٹس اور آنسو گیس کے شیل تھے، پولیس کی جانب سے ایک فائر بھی نہیں کیا گیا، یہ کوئی سیاسی مارچ نہیں تھی، یہ ایک مجرمانہ فعل تھا، یہ عمل قابل سزا ہے، فتنہ اور فسادی مارچ تھا۔ان کا کہنا تھا کہ کابینہ سے درخواست کی ہے کہ اس فتنے اور فساد میں ملوث افراد کے خلاف مقدمات درج کیئے جائیں۔

اس وقت سب سے زیادہ مقبول خبریں