تازہ ترین

صدرمملکت نے سانحہ سیالکوٹ کے ہیرو ملک عدنان کو تمغہ شجاعت دینے کی منظوری دے دی

اسلام آباد( سن نیوز)صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سیالکوٹ سانحے کے ہیرو ملک عدنان کو تمغہ شجاعت عطا کرنے کی منظوری دے دی۔صدر مملکت نے آئین کے آرٹیکل(2) 259 کے تحت سول ایوارڈ عطا کرنے کی منظوری دی جس کے بعد ملک عدنان کو 23 مارچ 2022 کو تمغہ شجاعت عطا کیا جائے گا۔واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ملک عدنان کو تمغہ شجاعت دینے کا اعلان کیا تھا۔خیال رہےکہ گزشتہ دنوں سیالکوٹ میں مشتعل ہجوم نے سری لنکن فیکٹری منیجر پریانتھا کمارا کو قتل کیا تھا۔پریانتھا کمارا کو بچانےکے لیے خود کی جان خطرے میں ڈالنے والے فیکٹری کے پروڈکشن منیجر ملک عدنان نے اپنی طرف سے پوری کوشش کی کہ وہ پریانتھا کمارا کو مشتعل ہجوم سے بچاسکیں تاہم وہ ہجوم کی درندگی کو روکنے میں ناکام رہے۔سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ملک عدنان جان ہتھیلی پر رکھ کر پریانتھا کمارا کو بچانے کی کوشش کررہے ہیں۔ہجوم کے تشدد کے وقت ملک عدنان نے پریانتھا کمارا کوکَور کیا ہوا تھا اور وہ خود مار کھاتے رہے اور اسے بچانےکی کوشش کر تے رہے۔

اس وقت سب سے زیادہ مقبول خبریں