تازہ ترین

بلدیاتی انتخابات پر نظر: وزیرِ اعظم عمران خان نے سپریم کمیٹی بنا دی

اسلام آباد( سن نیوز)صوبۂ پنجاب اور خیبر پختون خوا میں بلدیاتی انتخابات کے محاذ کے حوالے سے وزیرِ اعظم عمران خان نے 21 رکنی سپریم کمیٹی قائم کر دی۔سپریم کمیٹی کا پہلا اجلاس آج اسلام آباد میں طلب کر لیا گیا ہے جس کی صدارت وزیرِ اعظم عمران خان کریں گے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ اجلاس میں خیبر پختون خوا کے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے حوالے سے سیاسی لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔اجلاس میں پنجاب میں بلدیاتی انتخابی معرکے کے حوالے سے بھی اہم فیصلے متوقع ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے بلدیاتی انتخابات کے اگلے محاذ کے لیے قبل از وقت صف بندی کرے گی، اجلاس میں پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ سردار عثمان بزدار، گورنر چوہدری محمد سرور، وزیرِ بلدیات محمود الرشید، سینیٹر سیف اللّٰہ نیازی، عامر کیانی، وفاقی وزراء فواد چوہدری، حماد اظہر اور شفقت محمود بھی شریک ہوں گے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ خیبر پختون خوا سے وزیرِ اعلیٰ محمود خان، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وزیِر دفاع پرویز خٹک، وزیرِ مواصلات مراد سعید بھی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں پنجاب میں پہلے مرحلے میں ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز پر میٹرو پولٹین کے لیے امیدواروں کا جائزہ لیا جائے گا۔ذرائع نے بتایا ہے کہ لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور راولپنڈی کے لیے میئرز کے پارٹی امیدواروں کا بھی اجلاس میں جائزہ لیا جائے گا۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اجلاس میں ڈیرہ غازی خان، ملتان، ساہیوال، بہاول پور اور سرگودھا میں میٹرو پولٹین کے میئرز کے امیدواروں پر غور ہو گا۔اجلاس میں گجرات اور سیالکوٹ میں بھی میئرز کے لیے سیاسی شخصیات کے ناموں پر غور کیا جائے گا، جبکہ خیبر پختون خوا کے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے سے متعلق حکمتِ عملی مرتب کی جائے گی۔

اس وقت سب سے زیادہ مقبول خبریں