تازہ ترین

کراچی کے علاقے شیر شاہ میں دھماکا، متعدد زخمی

کراچی( سن نیوز) شیر شاہ پراچہ پل کے پاس ہونے والے دھماکے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ کراچی کے علاقے شیر شاہ پراچہ چوک کے قریب دھماکا ہوا ہے، دھماکا اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز کئی کلو میٹر دور تک سنی گئی، جب کہ متعدد گاڑیاں اور دکانیں تباہ ہوگئیں، اور جائے وقوعہ تباہی کا منظر پیش کررہا ہے۔دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، ریسکیو اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، اور زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کیا جارہا ہے، جب کہ علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے۔ ریسکیو کے مطابق اب تک 12 افراد کو اسپتال منتقل کیا جاچکا ہے، جن میں سے ایک 32 سالہ شخص کی موت کی اطلاع ہے، اور دو افراد شدید زخمی ہیں۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر دھماکا گیس پائپ لائن پھٹنے سے ہوا ہے، گیس پائپ لائن نالے کے نیچے سے گزر رہی تھی اور دھماکا نالے میں گیس بھرنے سے ہوا، تاہم حتمی طور پر کہنا قبل ازوقت ہے کہ دھماکا کسی تخریب کاری کا نتیجہ ہے یا حادثاتی طور پر ہوا ہے۔ ریسکیو آپریشن جاری ہے اور زخمیوں کو ریسکیو کیا جارہا ہے۔دوسری جانب سندھ رینجرز کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ سندھ رینجرز کے جوان موقع پر پہنچ گئے ہیں اور جائے حادثے کی جگہ کو کارڈن آف کرلیا گیا ہے، دھماکے میں متعدد افراد زخمی ہیں، زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے لیے قریبی سپتال منتقل کیا جا رہا ہے، جب کہ دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جا رہا ہے۔

اس وقت سب سے زیادہ مقبول خبریں