تازہ ترین

ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی کی غنڈہ گردی ، غنڈوں کے ذریعے ووٹرز کو ہراساں کرنے کا منصوبہ ، ن لیگی امیدوار نے الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا

لاہور (سن نیوز)آجکل پنجاب میں سیاسی میدان خوب سجا ہوا ہے۔تحریک انصاف کے منحرف ارکان کے ڈی سیٹ ہونے پر خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات کیلئے انتخابی مہم زوروں پر ہے ۔تحریک انصاف اور ن لیگ دونوں آمنے سامنے ہیں اور کانٹے دار مقابلے کا امکان ہے۔ یوں تو عمران خان ہمیشہ ہی الیکشن ہارنے کی صورت میں سیاسی مخالفین پر دھاندلی کے الزامات عائد کرتے ہیں تاہم اس بار انہوںنے الیکشن کمیشن پر سنگین الزامات کی بوچھاڑ کر رکھی ہے اور ریاستی اداروں پر بھی کئی الزامات لگا رہے ہیں۔ عمران خان مخالفین پر تو طاقت کے استعمال اور دھاندلی کے الزامات عائد کرتے ہیں تاہم خود ان کی اپنی جماعت کے امیدوار جو بھی کریں اس کی انہیں کوئی پرواہ نہیں۔حلقہ پی پی 224سے ن لیگی امیدوار چوہدری زوار حسین ورائچ نے الیکشن کمیشن آف ضلع لودھراں کو ایک درخواست لکھی ۔درخواست میں بتایا گیا کہ ان کے مد مقابل پی ٹی آئی امیدوار پیر عامر اقبال شاہ اور حلقہ پی پی 228سے امیدوار کیپٹن عزت جاوید نے الیکشن میں دھاندلی کیلئے پہلے ہی غنڈے منگوا لئے ہیں۔ن لیگی امیدوار نے انکشاف کیا کہ الیکشن کے روز ہر پولنگ اسٹیشن پر پی ٹی آئی امیدوار اپنے 8سے10غنڈے کھڑے کر دیں گے جو ووٹروں کو ہراساں اور پولنگ کے عمل میں دشواری پیدا کرنے کا سبب بنیں گے۔ زبردستی تحریک انصاف کو ووٹ دلوانے کی کوشش کی جائیگی جبکہ پولنگ اسٹیشنز پر امن و امان کو خراب کرنے کی کوشش بھی کی جائیگی اور کسی بھی وقت پولنگ رکوانے کی کوشش کی جائیگی۔ن لیگی امیدوار نے الیکشن کمیشن سے استدعا کی کہ پی ٹی آئی کے ان غنڈوں سے نمٹنے کیلئے مناسب انتظام کیا جائے اور شناختی کارڈ کے ذریعے مکمل جانچ پڑتال ہو تاکہ الیکشن پر امن اور شفاف ہو سکیں۔