اسلام آباد (سن نیوز)چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے قومی احتساب بیورو (نیب) قوانین میں ترامیم کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ پریس کانفرنس کے دوران سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ نیب قوانین میں ترامیم کے لیے اسی ہفتے سپریم کورٹ سے رجوع کیا جائے گا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ جو کچھ اسمبلی میں ہوا وہ سب کچھ ملک کے ساتھ مذاق تھا، توہین کی گئی۔انہوں نے کہا کہ اگر ملک کو ترقی کرنا ہے تو انصاف کی حکمرانی ضروری ہے، جس ملک میں انصاف نہیں ہوتا وہ ترقی نہیں کرسکتا۔چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ جب تک ملک میں بڑے بڑے مجرموں کو قانون کے نیچے نہیں لاتے، ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔انہوں نے کہا کہ نیب ترامیم پاس کرنے والوں کو بے شرمی پر جیل میں ڈال دینا چاہیے، قانون اجتماعی ہوتا ہے، انفرادی نہیں۔عمران خان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف اور ان کے بچوں پر 24 ارب روپے کے کیسز ہیں جبکہ اومنی گروپ آصف علی زرداری سے متعلق تھا۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ میری آمدنی اگر 100 روپے ہے اور اثاثے 200 روپے ہیں تو مجھے بتانا پڑے گا۔
عمران خان کا نیب قوانین میں ترامیم کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ
